پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ کالج راشدہ قریشی کی ٹرانسفر پر طالبات‘ والدین کااحتجاج جاری
رائے ونڈ(نامہ نگار) پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین میں سابق پرنسپل ڈاکٹر راشدہ قریشی کی بوجوہ ٹرانسفر پر طالبات،والدین اور اہلیان علاقہ تاحال خاموش احتجاج کررہے ہیں ، نوائے وقت سروے میں معلوم ہوا ہے کہ پرنسپل مذکورہ کی تعیناتی سے قبل کالج کی تعلیمی حالت انتہائی غیر معیاری تھی ،نظم و ضبط اور ماحول نامناسب تھا ،کالج میں سیاسی بنیادوں پر تعینات سٹاف نے اجارہ داری قائم کررکھی تھی ، جبکہ کالج میں داخلہ و خارج کرنے کا اختیار عرصہ دراز سے تعینات محکمہ تعلیم کے چند افسروں کی منظور نظر لیکچرار کرتی تھیں ،اور طالبات کا کوئی پرسان حال نہ تھا‘ طالبات کا تعلیمی مستقبل دائو پر لگادیا گیا تھا ،مگر رائے ونڈ میں طالبات کی خوش قسمتی کا سفر اس وقت شروع ہوا جب ڈاکٹر راشدہ قریشی نے کالج کا چارج سنبھالا ،انہوں نے بہت محنت کیساتھ کالج کا معیار تعلیم بلند کیا ،محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران کو کالج کے پروگرامز میں مدعو کرکے مسائل حل کروائے اور کالج کو پوسٹ گریجوائٹ کا درجہ دلوایا۔یہ سب کچھ کالج کے قبضہ گروپ کو ناگوار گزرا اور انہوں نے تعلیمی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا شراع کردیں ،پرنسپل ڈاکٹر راشدہ قریشی دفاعی پوزیشن میں رہیں لیکن گذشتہ دنوں ان کا تبادلہ کرکے منظور نظرپرنسپل کو یہاں تعینات کردیا گیا ہے جو کہ ڈاکٹر راشدہ قریشی سے گریڈ میں بھی کم ہیں ،اہلیان شہر نے تعلیم دوست پرنسپل کو بغیر انکوائری کئے رسوا کرکے ٹرانسفر کرنے کے عمل کو انتہائی زیادتی اور ناانصافی قرار دیا ہے۔