وزیراعظم عمران خان عاطف میاں کی تقرری منسوخ کریں: حامد رضا
لاہور ( سپیشل رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ آج ملک بھر میں’’ یوم ختم نبوت‘‘ منایا جائے گا۔ ریاست مدینہ کا علمبردار عمران خان آئین اور ختم نبوت کے منکر عاطف خان کی تقرری منسوخ کرے۔ وزیراعظم اور اس کے ساتھی ختم نبوت کے معاملے کی حساسیت اور نزاکت کا احساس کریں۔ آئین کے باغی عاطف خان کی برطرفی کا مطالبہ انتہاپسندی نہیں آئین پسندی ہے۔ آئین کے تحت غیر مسلم قرار پانے کے بعد قادیانیوں کا مسلمان ہونے پر اصرار کرنا ریاست کے آئین اور قانون سے انحراف ہے۔عمران خان نے عاطف میاں کے معاملے کا بروقت نوٹس نہ لیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع ہو سکتی ہے۔ چند انتہا پسند نہیں کروڑوں عاشقان رسول عاطف میاں کی برطرفی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ عمران خان معیشت ٹھیک کرنے کے چکر میں اپنی عاقبت خراب نہ کرے۔ ختم نبوت کے منکر اور آئین کے باغی کو اقتصادی مشاورتی کونسل میں شامل کرنا آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ ہم کسی کی خوشنودی کے لئے تاجدار ختم نبوت سے بے وفائی نہیں کر سکتے۔ اگر قادیانی دوسری اقلیتوں کی طرح آئین و قانون کی پابندی کریں اور خود کو غیر مسلم تسلیم کر لیں تو ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کے علاوہ ہر مسلمان پر لازم ہو گا۔ فواد چوہدری نے عاطف میاں کے مخالفین کو انتہا پسند قرار دے کر حماقت کی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ 7 ستمبر کو ملک بھر میں‘‘ ختم نبوت‘‘ کے موضوع پر خطابت جمعہ دیئے جائیں گے۔