دینی جماعتوں کی اپیل پر یوم تحفظ ختم نبوت جوش و خروش سے منایا گیا‘ ریلیاں‘ سیمینار
لاہور (سپیشل رپورٹر+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) جمعیت علماءپاکستان، سنی تحریک، جماعت اہلحدیث پاکستان سمیت دینی جماعتوں کی اپیل پر ملک بھر میں 7 ستمبر جمعہ کو یوم دفاع ختم نبوت منایا گیا۔ ختم نبوت کے حوالے سے ملک بھر میں تقریبات ہوئیں، سیمینار اور ریلیاں نکالی گئیں۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی، حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی، حافظ عبدالوہاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر سمیت دیگر نے کہا کہ 7ستمبرکا دن مسلمانوں کے لئے تجدید عہد کا دن ہے پاکستان میں تمام لوگوں کے حقوق برابر ہیں اقلیت کو ہم باہر نہیں پھینک سکتے۔ قادیانی اپنے آپ کو آئین اور قانون کا پابند بناتے ہوئے خود کو غیرمسلم اقلیت تسلیم کر لیں تو جھگڑا ختم کیا جاسکتا ہے۔ سنی تحریک کے رہنماﺅں علامہ مجاہدعبد الرسول خان ،علامہ سرفراز سیالوی، علامہ قاری ریاض ہزاروی، علامہ شریف الدین و دیگر نے مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے میاں عاطف آر میاں سے اقتصادی مشاورتی کونسل کی رکنیت واپس لے کر خوش آئند فیصلہ کیا ہے۔ سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے سیالکوٹ میں جامع مسجد ڈونگا باغ میں خطاب میں کہا کہ اسلام مخالف اور پاکستان کی خود مختاری کے خلاف کسی حکومتی فیصلے کو تسلیم نہیں کریں گے حکومت کے ساتھ غیر مشروط تعاون پہلے سو دن تک جاری رکھا جائے گا۔ جے یو پی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے ختم نبوت کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ نئی حکومت قادیانی لابی سے دور رہے۔ حکومت کی قادیانیت نوازی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عقیدہ ختم نبوت اسلام کا اساسی عقیدہ ہے۔ دین اسلام اور ختم نبوت کا پرچم ہمیشہ بلند رہے گا۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کے زیراہتمام ملک بھر میں کشمیر سمیت یوم تحفظ۔ختم نبوت شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ لاھور، کراچی، حیدر آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور، گجرات جہلم، ملتان ودیگر شہروں کے مراکز میں جمعة المبارک کے بڑے بڑے اجتماعات سے قائدین تحریک لبیک یارسول اللہ نے ختم نبوت کے تحفظ پر خطابات دیئے۔ علامہ خادم حسین رضوی نے جامع رحمة للعلمین ملتان روڈ لاھور میں اجتماع سے خطاب میں کہا مسئلہ ختم نبوت حساس اور بنیادی ہے جسکے لئے دورِ صدیقی میں صحابہ کرام کو سب سے زیادہ شہادتیں پیش کرنا پڑیں۔ اہل اسلام نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں اور لاکھوں مسلمانوں نے قید و بند اور ظلم و ستم کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن ختم نبوت کے علم کو ہمیشہ بلند رکھا۔ عید گاہ نیک آباد گجرات میں پیر محمد افضل قادری نے اجتماع سے خطاب میں حکومت اور تمام اداروں سے مطالبہ کیا کہ 7ستمبر 1974 کے قومی اسمبلی کے تاریخی فیصلے اور 1984 کے امتناع قادیانی آرڈیننس پر عمل درآمد کرائیں۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کی تحریک پر عاطف میاں کو مشیر اقتصادیات کے عہدے سے ہٹانے کے حکومتی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پیر محمد افضل قادری نے کہا مرکزی حکومت مرکز اور صوبوں میں تمام کلاسوں میں ختم نبوت کا باب لازمی قرار دے اور علماءاسلام بھی ختم نبوت کے موضوع پر مسلمانوں کی شاندار تربیت کرنے پر بھرپور توجہ دیں۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ےوم ختم نبوت کے موقع پر سنی تحرےک کے زےراہتمام کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کےا۔ مقررین نے کہا ختم نبوت ہمارے اےمان کی اساس ہے جس کے لئے ہم جان کی قربانی دےنے سے بھی درےغ نہےں کرےں گے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مرکزی ادارہ فیضان ابوالبیان کے زیر اہتمام تحفظ تاجدار ختم نبوت ریلی کی قیادت پیر سید احمد فاروق شاہ مجددی نے کی۔ سید احمد فاروق شاہ مجددی نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا، عقیدہ ختم نبوت ہمارے دین کی اساس ہے۔ سید عرفان شاہ مجددی، سید کاشف شاہ مجددی، مولانا محمد افضل باجوہ، ڈاکٹر حبیب الرحمن، پیر فاروق شاہ سیفی، خلیفہ رضوان چوراہی، زبیر عبدالنبی، قاری عبدالطیف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی گوجرانوالہ کے زیراہتمام ”تحفظ ختم نبوت ریلی“ جی ٹی روڈ پر نکالی گئی۔ امیر سٹی پروفیسر قاری محمد سعید کلیروی نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کی بنیاد ہے۔ چاروں مسالک علماءورلڈ پاسبان ختم نبوت علامہ محمد ممتاز اعوان، پیر ولی اللہ شاہ، مولانا طارق محمود قاسمی،پیر جمشید احمد نورانی، مولانا نعیم بادشاہ سلفی اور علامہ وقار نقوی کی زیر قیادت کارکنان ورلڈ پاسبان ختم نبوت نے شالیمارروڈ سے لاہور پریس کلب تک ایک بھر پور یوم تحفظ ختم نبوت ریلی نکالی اور ختم نبوت کا مسلہ حل کرنے پر 74ءکے ممبران پارلیمنٹ اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ شرکا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قائد ورلڈ پاسبان علامہ ممتاز اعوان نے کہاکہ منکرین ختم نبوت قادیانی فتنہ کو آئینی طور پر غیر مسلم اقلیت قرار دیکر 74ءکی پارلیمنٹ نے جہاں اسلام کے بنیادی عقیدہ ختم نبوت کو آئینی وقانونی تحفظ فراہم کیا وہاں آقا کی نبوت و رسالت کی لاج رکھی۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام عاطف میاں کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کے بطور ممبر تقرری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ لاہور پریس کلب کے سامنے ہوا۔ مظاہرے میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عزیز الرحمن ثانی، جے یوآئی ضلع لاہور کے امیر شیخ الحدیث مولانا محب النبی، قاری جمیل الرحمن اختر، مولانا قاری علیم الدین شاکر، شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن، پیر میاں محمدرضوان نفیس، مولانا عبدالنعیم، مولانا سید ضیاءالحسن شاہ، جے یوآئی کے مرکزی رہنما مولانا ابوبکر چوہدری، قاری مومن شاہ، مولانا محمدیعقوب فیض، مولانا خالد محمود، قاری ظہورالحق، مولانا گلفام، مولانا سعادت، مولانا محمد اسماعیل اور چوہدری علی انیس افضل بٹ لاہور ہائی کورٹ نے شرکت کی۔
یوم تحفظ ختم نبوت