• news

شیڈول چھ ملکی جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد سوالیہ نشان بن گیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان میں رواں ماہ کے آخر میں شیڈول چھ ملکی جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد سوالیہ نشان بن گیا۔ ٹورنامنٹ کے لیے اعلان کردہ چھ ٹیموں میں سے چار جن میں بنگلہ دیش، عمان، ترکی اور کازقستان کی ٹیموں نے اپنی مالی مشکلات کی بنا پر دورہ پاکستان سے معذرت کر لی ہے جبکہ تاحال افغانستان ہاکی ٹیم یک بھی سکیورٹی کلیئرنس نہیں مل سکی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ ہاکی اتنی آسان نہیں ہے ایک ٹیم کے کسی بھی ملک کے دورہ پر بھاری اخراجات آتے ہیں، ٹورنامنٹ میں شریک کوئی ٹیم بھی سکیورٹی وجوہات کی بنا پر آنے سے انکار نہیں کر رہی ہیں بلکہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے انہیں مسئل کا سامنا ہے۔ چونکہ یہ ایف آئی ایچ کا ٹورنامنٹ ہے اس میں شرکت نہ کرنے والی ٹیموں کو پچاس ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹورنامنٹ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، مہمان ٹیموں کی سیکورٹی کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کی تیاری کے لیے تربیتی کیمپ کے کھلاڑیوں کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھ ملکی ٹورنامنٹ کے حوالے سے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ساتھ رابطے میں ہیں اگلے دو سے تین روز میں جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے بارے میں اعلان کر دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن