• news
  • image

آرمی چیف کا قوم سے اظہار تشکر

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع و شہداء کی تقریب میں بھرپور شرکت پر تقریب کے شرکاء اور قوم کاشکریہ ادا کیا اور کہا کہ قوم نے یوم دفاع پر اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے یہی جذبہ منزل تک پہنچائے گا۔ یہ تقریب دو روز قبل جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی تھی۔
گزشتہ 70 سال کے دوران جس ادارے کو قوم کی بے مثال محبت نصیب ہوئی، وہ عساکر پاکستان ہیں۔ پاک فوج دفاع وطن میں مصروف ہویا حالت جنگ میں ، قوم کا ہر چھوٹا بڑا اپنے مجاہد بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہونے کو بے تاب ہوتا ہے، جیسا کہ گزشتہ روز کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے ستمبر 65ء کی جنگ کا واقعہ سنایا تو شرکائے تقریب پر فرط عقیدت سے رقت طاری ہو گئی، وزیراعظم بتا رہے تھے کہ تب ان کی عمر محض بارہ سال تھی جب عیار دشمن نے رات کی تاریکی میں ارض پاک کے خلاف جارحیت کی مذموم جسارت کی ۔ وزیراعظم نے بتایا کہ وہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے اس قدر بے تاب ہوئے کہ گھر میں رکھی بندوق اٹھا کر محاذ جنگ پر پہنچ گئے۔ گزشتہ روز کی تقریب پہلی تقریبات سے اس لحاظ سے بھی مختلف تھی کہ اس میں غازیوں اور شہدا کے بیوی بچوں نے بھی بھرپور شرکت کی اور یوں قوم نے ان کے ساتھ مل کر پاک فوج کے جذبہ جہاد اور قربانیوں کو تازہ کیا۔ ایسی تقریبات قوم میں دفاع وطن کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے جذبوں کو جوان رکھتی ہیں۔ اس تقریب میں بقول وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار دشمن کیلئے بھی بڑا مضبوط پیغام تھا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے اور وہ وطن عزیز کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور یہ کہ قوم دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت عساکر پاکستان کے ساتھ ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیںکہ اب سول اور عسکری قیادتوں کے تال میل سے ملکی دفاع کے تقاضے پورے ہوں گے۔ !

epaper

ای پیپر-دی نیشن