اسد قیصر پہلی، عمران اسماعیل پورے سال کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دینگے
اسلام آباد/ کراچی (وقائع نگار خصوصی+ خصوصی نمائندہ+ ایجنسیاں) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنی پہلی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کردیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹرپر اپنے بیان میں انہوں نے کہا تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں اپنے بچوں کے مستقبل کو بچانے کےلئے اس کار خیر میں حصہ لیں۔ آئی این پی کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ڈیمز فنڈ میں اپنی ایک سال کی تنخواہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا آبی قلت سے پہلے ڈیمز کی تعمیر نہایت ضروری ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار سے ممتاز گلوکار عاطف اسلم نے ملاقات کی اور ڈیمز فنڈ کیلئے 25لاکھ روپے کا عطیہ دیا۔ خصوصی نمائندہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے حالیہ پیغام میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لئے سمندر پار مقیم پاکستانیوں سے عطیات کی فراہمی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ملک میں مقیم اور سمندر پار رہنے والے پاکستانیوں میں مہم کا آغاز ہوا ہے۔ سمندر پار مقیم پاکستانی ڈیمز کی تعمیر کے لئے عطیات کی فراہمی کے لئے انتہائی پرجوش ہیں کیونکہ وہ عمران خان کو ایک ایماندار اور پرعزم رہنما سمجھتے ہیں۔ آن لائن کے مطابق قطر میں مقیم ایک 9سالہ بچے نے عمران خان کی اپیل پر لبیک کہا ہے۔ ایک ویڈیو میں بچے نے کہا میرا نام ریحان ہے اور میں قطر میں رہتا ہوں‘ مجھے ڈیموں سے متعلق عمران خان کی اپیل سے متعلق علم ہوا جس کے لیے میں ایک ہزار ریال عطیہ کرنے کا اعلان کرتا ہوں جو میری اپنی رقم ہے۔ اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ آپ کتنی رقم عطیہ کر رہے ہیں کیونکہ قطرے قطرے سے دریا بنتا ہے۔
ڈیم فنڈ/ تنخواہ