ڈیم فنڈ کیلئے تشہیری مہم شروع‘ لیگی حکمرانوں کی عیاشیاں قوم کے سامنے لائی جائیں : وزیراعظم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آٰئی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں اہم اجلاس ہوا۔ اسد عمر، نعیم الحق، افتخار درانی، شبلی فراز، علی زیدی، فرخ حبیب، علی محمد خان نے شرکت کی۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے ملک کی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ضمنی انتخابات کے ٹکٹ سے متعلق مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں 100 روزہ پلان پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکومتی کارکردگی پر عوامی ردعمل کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس میں اہم قومی معاملات پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے حکومتی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سابق حکمرانوں کی عیاشیوں پر بحث کی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مسلم لیگ ن، پی پی کے سابقہ حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے۔ سابق حکمرانوں کی عیاشیاں قوم کے سامنے لائیں۔ پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کیا جائے۔ سابق وزیراعظم کے زیر استعمال گاڑیوں تک میڈیا کو رسائی دی جائے۔ پی ٹی آئی منشور اور اس پر عملدرآمد کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیاجائے۔ وزیراعظم نے رہنماﺅں کوڈیم فنڈ کیلئے موثر تشہیری مہم چلانے کی ہدایت کی۔ ڈیم فنڈ تشہیری مہم بیرون ملک، سوشل میڈیا، مقامی طور پر چلائی جائے گی۔ اجلاس کے دور ان فیصلہ کیا گیا کہ سابقہ (ن) لیگی حکومت کی شاہ خرچیوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی، سابقہ ن لیگی حکومت کی طرف سے پیدا کی گئی معاشی اور بالخصوص پاور اور انرجی سیکٹر میں بدحالی پر بریفنگ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراطلاعات فواد چوہدری کے مطابق تمام فیصلے مشاورت کے ساتھ، پارلیمان کو اعتماد میں لے کر کئے جائیں گے۔
حکومتی عیاشیاں