پی ٹی آئی حکومت کی اصل سٹرٹیجی جھوٹ بولنا ہے: تر جمان مسلم لیگ ن
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی اصل سٹریٹجی جھوٹ، جھوٹ اور مزید جھوٹ بولنا ہے۔ سودن میں ملکی تقدیر بدلنے کے دعویدار ہمارے وژن 2025ءکی فوٹو کاپیوں پر چل رہے ہیں۔عمران صاحب کنٹینر والی انتقامی سوچ، تخریبی وژن اور دشنام طرازی سے آگے سوچنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے۔ معیشت کی بہتری کے نعرے لگانے والوں نے بھیک کو قومی پالیسی بنالیا۔ وفاقی حکومت کے میڈیا سٹرٹیجی اجلاس پر اتوار کو اپنے ردعمل میں ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ ملک میں مخالفین کو سیاسی انتقام کانشانہ بنانے کی تبدیلی لائی جارہی ہے۔ عمران خان نے عوام کو جو خواب دکھایا وہ بھیانک تعبیر بن کر سامنے آ رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ میڈیا سٹرٹیجی کے نام پر حکومت نے اپنی نااہلیاں چھپانے کی حکمت عملی تیار کی ہے اور اپنی ”یو ٹرن“ اور مزید جھوٹ بولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے میڈیا اجلاس میں پشاور میٹرو کے کھڈوں کی 80 ارب کی کرپشن چھپانے کی میڈیا سٹرٹیجی تیار ہوئی۔ یہ اجلاس ’نیب زدگان‘ اور ’لوٹوں کی کابینہ‘ کی ’امیج بلڈنگ‘ کے لئے تھا۔ بجلی ، گیس اور کھاد کی قیمتوں میں اضافے ، عوام دشمن پالیسیوں پر پردہ ڈالنے کی سٹرٹیجی تیارکی گئی تاکہ وفاقی حکومت اپنی 20 دن کی مضحکہ خیز کارکردگی پر شرمندگی چھپانے کی راہ تلاش کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں وفاق اور پنجاب حکومت کی توانائی پر قابو پانے کے لئے تاریخی اقدامات، عوام کو سفر کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بین الاقوامی معیار کی موٹرویز کا جال بچھانے، دہشت گردی میں کمی لانے اور سی پیک کے عظیم منصوبوں کو متنازعہ بنانے کی میڈیا سٹریٹجی تیارکرنے والوں کے اپنے دامن عوام کی ترقی وخوشحالی اور ملک کی معیشت ٹھیک کرنے کے کسی بھی منصوبے سے خالی ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ عمران صاحب! میڈیا سٹرٹیجی صرف کنٹینر پر کام آتی ہے ، وزیراعظم کی کرسی پہ بیٹھ کر کام کرنا پڑتا ہے۔ عوام کو میڈیا سٹرٹیجی نہیں بلکہ 100 دن کی سٹریٹجی کا انتظار ہے جسے تلاش کیاجارہا ہے۔ میڈیا سٹریٹجی سے ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہاکہ شعبدہ بازیوں اور جھوٹ کو میڈیا سٹرٹیجی کانام دے کر پاکستان کی باشعور عوام کو دھوکہ نہیں دیاجاسکتا۔ عمران صاحب آپ جھوٹ چھپانے کے لئے مزید جھوٹ بول کر سچ چھپا نہیں سکتے۔
مریم اورنگزیب