ضمنی انتخابات: بیرون ممالک پاکستانی شجاعت، مونس کو ووٹ دینگے: عبدالغفار، پرویز الٰہی سے ملاقات
اسلام آباد (این این آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے مسلم لیگ ق سپین کے صدر چودھری عبدالغفار مرانہ نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے پارٹی قائدین کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چکوال اور گجرات کے ضمنی انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانی اور ان کے عزیز و اقارب بڑی تعداد میں چودھری شجاعت حسین اور مونس الٰہی کو ووٹ دیں گے۔ چودھری عبدالغفار کے ساتھ ماسٹر محمد امین، چودھری ولید اعظم، چودھری حیدر علی مرانہ اور میاں غلام میراں بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سپین میں مسلم لیگ ق میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے۔ مسلم لیگ ق اقتدار میں ہو یا نہ ہو اس نے ہمیشہ بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور پاکستان میں ان کی فیملیز کا بھی خیال رکھا۔