عدلیہ، حکومت کا ڈیمز بنانے کے عزم کو عوام نے سراہا ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عدلیہ اور حکومت کی طرف سے ڈیمز بنانے کے عزم کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت پانی کی کمی کی جو صورتحال ہے وہ الارمنگ ہے ۔ بھارت پاکستانی دریائوں کا پانی روک کر ملک کو صحرا بنانا اور اس کی زراعت اور معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطا بق انہوں نے یہ بات جماعت اسلامی اسلام آباد کے ضلعی اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سراج الحق نے امریکی اور چینی وزرائے خارجہ کے پاکستان کے دوروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ نے ہمیشہ پاکستان سے اپنے مفادات حاصل کیے ہیں اور کبھی بھی پاکستان کی مشکل حالات میں مدد کو نہیں پہنچا۔ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا امریکہ نے کبھی اعتراف نہیں کیا۔ امریکہ پاکستان سے ہمیشہ ڈو مور کا مطالبہ کرتا آیا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے ۔ امریکہ اس کے ازالے کے بجائے وقتاً فوقتاً پاکستان کی امداد پر قدغن لگاتا رہا ہے اس وقت بھی امریکہ نے پاکستان کی امداد بند کر رکھی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ چینی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان حوصلہ افزا ہے اور پاکستان کے مسائل حل کرنے میں چین دلچسپی لے رہا ہے۔ سی پیک منصوبہ پاک چین تعلقات کی مضبوط کڑی ہے۔ ہر مشکل وقت میں چین نے ہمارا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت کے ساتھ دفاعی اور سول ایٹمی معاہدے کر کے اسے مضبوط سے مضبوط کرنے اور خطے کا تھانیداربنانے کی کوشش کر رہاہے جبکہ پاکستان کو صرف وعدوں پر ٹرخایا جارہا ہے، سینیٹر سراج الحق نے حکومت کی طرف سے گیس اور بجلی کے بلوں اور کھاد کی بوری کی قیمت میں بے تحاشا اضافہ پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو بیرونی دبائو سے آزاد کرایا جائے۔