حکومت نے غیرسنجیدگی دکھائی، امریکی وزیرخارجہ دھمکی اور تھپکی دے کر چلے گئے: احسن اقبال
اسلام آباد + نارووال (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے نجی وی ٹی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کے دورے میں حکومت نے غیر سنجیدگی دکھائی۔ امریکی وزیر خارجہ ایک ہی وقت میں دھمکی اور تھپکی دے کر چلے گئے۔ امریکی وزیر خارجہ نے اصل کام بھارت جا کرکیا، بڑی طاقتیں سکیورٹی پارٹنر بنتی ہیں یا ترقی کے عمل میں ساتھ دیتی ہیں، امریکہ پر سکیورٹی معاملات سے متعلق اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ علاوہ ازیں نارووال سے نامہ نگار کے مطابق احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت کہتی تھی کہ وہ اپنے پہلے 100دن میںگیس، بجلی اور کھاد سستی کریں گے لیکن حکومت نے پہلے 20روز میں ہی گیس، بجلی اور کھاد مہنگی کر دی جو سارا بوجھ عوام پر آئے گا اور مہنگائی کا نیا طوفان اٹھے گا، حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں ہے، پہلے بیس دنوں میں بیس یوٹرن حکومت لے چکی، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں کاٹ کر اور کشکول لے کر حکومت صرف پونے دو ارب روپے اکھٹی کر سکی جبکہ ڈیم بنانے کا منصوبہ 15سو ارب ڈالر کا ہے۔ موجودہ حکومت اپنی ناتجرنہ کاری سے وقت ضائع کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارسابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلران اور مسلم لیگ کے ورکروں سے سابق صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اور ایم پی اے وسیم بٹ کے ڈیرے پر عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیکن حکومت کو ایشائی ترقیاتی بنک اور چائنہ کے ساتھ مل کر فنانسنگ کرنا پڑے گی تب جاکر ڈیم منصوبہ پاپہ تکمیل تک پہنچ سکے گا سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہماری حکومت نے سی پیک کے ذریعے ڈیم بنانے کیلئے 3سوارب روپے رکھوائے تھے۔ بجٹ میں 23ارب روپے مختص کیے تھے جبکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے1120ارب روپے کی زمین خریدی تھی ڈیم بنانے کیلئے جو کسی بھی حکومت نے نہیں خریدی تھی عمران خان چونکہ ساری عمر خیرات اکھٹی کرتے رہے ہیں اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ ملک کے کام بھی خیرات سے حل ہو جائیں گے لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ انٹرنیشنل سطح ڈیم بنانے کیلئے عملا کام کرکے خالی کشکول پکڑنے سے ڈیم نہیں بنے گا۔