جرمن شہرکیمنٹسمیں یہودی ریستوران پر حملے کی تفتیش کا آغاز
کیمنٹس (این این آئی)کیمنٹس شہر میں واقع ایک یہودی ریسٹورنٹ پر حملے کی رپورٹوں کے تناظر میں تفتیش شروع کر دی گئی۔ اس ریسٹورنٹ پر حملہ ستائیس اگست کو کیا گیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن تفتیشی حکام نے مشرقی جرمن شہر کیمنِٹس میں واقع ایک یہودی ریسٹورنٹ پر حملے کی رپورٹس کے تناظر میں تفتیشی عمل شروع کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کی ستائیس تاریخ کو درجن بھر نقاب پوشوں نے اس یہودی ریستوران پر دھاوا بولا اور اندر داخل ہو کر وہاں موجود افراد کو مخاطب کر کے کہا کہ وہ جرمنی سے نکل جائیں۔ حملہ آوروں نے ریسٹورنٹ پر پتھر اور خالی بوتلیں بھی پھینکیں۔ اس حملے سے ریسٹورنٹ کے سامنے کے حصے کو نقصان پہنچا اور ایک کھڑکی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اس حملے میں ریسٹورنٹ کے مالک اْووی زیوبیلا کو کندھے پر پتھر لگنے سے چوٹیں بھی آئیں۔جرمن وزارت داخلہ کے ترجمان نے اخبار کو بتایا کہ اِس حملے کے حوالے سے تفتیشی عمل جاری ہے۔ ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ بظاہر ایسا دکھائی دیتا ہے کہ یہ حملہ سیاسی نوعیت کا جرم ہے اور حملے میں سامیت دشمنی واضح طور پر دکھائی دیتی ہے۔ جرمنی کے سامیت دشمنی کے انسداد کے لیے مقرر کمشنر فیلکس کلائن نے پولیس اور دفتر استغاثہ کو اس حملے کی مکمل چھان بین کی ہدایت کی ہے۔