• news

مشرقی وسطیٰ میں امریکی عزائم ناکام ، ایرانی فوج طاقت میں اضافہ کرے: آیت اللہ خامنہ ای

تہران (نیٹ نیوز) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی فوج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی طاقت میں مزید اضافہ کرے، آپ جتنے طاقتور ہوں گے دشمن آپ سے خوفزدہ رہے گا۔ پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سپریم لیڈر نے ایران کے شمالی علاقے نوشہر میں نیوی کیڈٹس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ ایران نے امریکی دھمکیوں کی سخت مزاحمت کرکے خطے میں موجود عالمی قوتوں کے مقاصد کو ایک بڑی شکست سے دوچار کیا ہے۔امریکہ اور دیگر قوتیں خطے میں خانہ جنگی، دہشت گرد سرگرمیوں اور علاقائی تنازعات میں دلچسپی رکھتی ہیںامریکہ مشرق وسطیٰ میں اپنی کوششوں میں ناکام ہوگیا ہے، شام ، عراق اور لبنان اس کی واضح مثالیں ہیں۔ آیت اللہ خامنہ ای نے ایک قرآنی آیت کے مفہوم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اللہ کے احکامات کو مانیں گے تو اْس کی مدد آپ کے ساتھ ہوگی۔ آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ’ دنیا بھر کے سیاسی ماہرین اور تجزیہ کار حیران ہیں کہ ایران نے اللہ اور قوم کے بھروسے عالمی قوتوں کو مایوس کردیا ہے۔ سپریم لیڈر نے عالمی قوتوں کی جانب سے قوموں کو دھمکیوں، طعنوں، مایوسی سے ڈرانے کی کوششوں سے متعلق کہا کہ اگر کوئی قوم ان کے حربوں سے خوفزدہ نہیں ہو اوراپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھتے ہوئے ہمت اور بہادری سے آگے بڑھے تو وہ بڑی قوتوں کو شکست دے سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن