امن مذاکرات ناکام :یمن میں شدید لڑائی ، 84افراد مارے گئے
ریاض(این این آئی+نوائے وقت رپورٹ ) اقوام متحدہ کے زیراہتمام باغیوں اور یمنی حکومت میں امن مذاکرات ناکام ہونے پر حدیدہ میں شدید لڑائی کے دوران 84 افراد ہلاک ہو گئے۔ صنعا جھڑپوں میں 73 باغی ہلاک اور 11 سکیورٹی اہلکار بھی مارے گئے۔ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے ضلع الصفرا ء میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے ایک بیلسٹک میزائل اور راڈاروں کی تنصیبات کو تباہ کردیا ہے۔ فضائی حملے میں حوثیوں کے میزائل اور راڈار بنانے کے 12 ماہرین بھی ہلاک ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ لڑاکا طیارے نے صوبہ صعدہ کے ضلع الصفرا ء کے نزدیک ایک مقام پر بیلسٹک میزائل کی جگہ کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا ۔انھوں نے ایک بیان میں بتایا کہ یہ آپریشن گزشتہ روز کیا گیا اور حوثیوں کی ایک گاڑی اور میزائل کو تباہ کردیا گیا ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے صعدہ ہی کے ضلع سحار میں جبل عنم کے علاقے میں حوثیوں کی راڈار ذخیرہ کرنے کی ایک جگہ کو بھی تباہ کردیا ہے۔ یہ راڈار اتحادی طیاروں کی مانیٹرنگ کے لیے استعمال کیے جارہے تھے۔ فضائی حملے میں حوثیوں کے میزائل اور راڈار بنانے کے 12 ماہرین بھی ہلاک ہوگئے ۔