این ایل سی نے سبی، ہرنائی ریلوے ٹریک کی بحالی کا 95 فیصد کام مکمل کرلیا
راولپنڈی(آئی این پی )نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) نے سبی سے ہرنائی تک ریلوے ٹریک کی بحالی کے منصوبے پر 95 فی صد کام مکمل کر لیا جسے دہشت گردکاروائیوں میں 2006 میں تباہ کر دیا گیا تھا۔ریلوے ٹریک کو مختلف مقامات پر بم دھماکوں کے ذریعے شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جس میں دور افتادہ اور ناقابل رسائی علاقوں میں بائیس سٹیل کے پُل شامل ہیں۔ مزید برآں طویل مدت تک مرمت نہ ہونے کی بنا پر 10 ریلوے سٹیشن بھی ناقابل استعمال ہو چکے تھے۔مارچ 2016 میں پاکستان ریلوے نے سبی تا ہرنائی ٹریک کی بحالی اور مرمت کا منصوبہ این ایل سی کو تفویض کیا ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سکیورٹی خدشات اور مطلوبہ کام کے حجم کی وجہ سے دوسری تعمیراتی کمپنیوں نے اس منصوبے پر کام کرنے سے معذرت کی تھی۔ ابتدائی سروے کے مطابق مختلف سائز کے 22 پلوں کی نشاندہی کی گئی جو مکمل طور پر تباہ ہو چکے تھے۔