• news

اسحاق ڈار کا عام پاسپورٹ بھی بلیک لسٹ رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع، مزید کچھ نہیں کر سکتے : ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (صباح نیوز+آن لائن) وزارت داخلہ نے مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا عام پاسپورٹ بھی بلیک لسٹ کردیا۔ اسحاق ڈار کے سفارتی پاسپورٹ کی منسوخی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ نے اسحاق ڈار اور اہلیہ کے سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیئے ہیں کیونکہ عہدہ چھوڑنے کے بعد ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنا غیر قانونی ہے۔ جبکہ وزارت داخلہ نے اسحاق ڈار کا نارمل پاسپورٹ بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں اسحاق ڈار وطن واپسی کیس کی سماعت آج ہوگی۔ ڈائریکٹر انٹرپول ایف آئی اے طارق ملک نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے ملاقات کی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پاکستان واپس لانے کے بارے میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو بریفنگ دی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ عدالتی احکامات کے مطابق اسحاق ڈار کو واپس لایا جائیگا۔ کوئی بھی رکاوٹ قانون کے مطابق دور کی جائے گی۔ عدالتی احکامات پر من و عن عمل کیا جائیگا۔ آ ن لائن کے مطابق سابق وزیر خزانہ اور سپریم کورٹ کو مطلوب اسحاق ڈار کی لندن سے واپس لانے کیلئے دفترخارجہ نے اپنی بے بسی ظاہر کردی اور کہا ہے پاسپورٹ منسوخ کرنے سے اسحاق ڈار کو آسانی سے سیاسی پناہ مل جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسحق ڈار اور اسکی اہلیہ کے سفارتی پاسپورٹ منسوخ کرنے کے سلسلے میں وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو لکھے خط پر عمل درآمد کردیا گیا ہے۔حکومت پاکستان اس معاملے میں مزید کچھ نہیں کرسکتی۔ انہوںنے مزید کہا اسحق ڈار نے کسی دوسرے ملک سفر کرنا ہوگا تو وہاں کے پاسپورٹ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ برطانوی پاسپورٹ ملنے کی صورت میں وہ دوسرے ممالک میں جاسکتے ہیں۔
اسحاق ڈار/واپسی

ای پیپر-دی نیشن