فوج ملکی ترقی کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی‘ جنرل باجوہ‘ چیف جسٹس سے ملاقات‘ ڈیمز کیلئے ایک ارب 59 لاکھ کا چیک دیا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے ملاقات کے دوران سپریم کورٹ ڈیم فنڈ میں ایک ارب 59لاکھ 90ہزار روپے کا چیک دیا ہے، آرمی چیف گزشتہ روز سپریم کورٹ بلڈنگ میں چیف جسٹس سے ملاقات کیلئے آئے تھے۔ دونوں اہم اداروں کے سربراہوں کے درمیان ہونے والی ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔ ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق گزشتہ روز چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے سپریم کورٹ بلڈنگ میں ان کے دفتر آکر ملاقات کی ، آرمی چیف نے ملاقات کے دوران دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے عدالت عظمیٰ کے ڈیم فنڈ میں 1ارب سے زائد کی رقم عطیہ کی ہے، واضح رہے کہ رواں سال جولائی کے مہینے میں افواج پاکستان کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے رقم عطیہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آرمی، نیوی اور ایئر فورس کی جانب سے 2روز کی تنخواہ جبکہ سپاہیوں کی جانب سے ایک روز کی تنخواہ عطیہ کی جائیں گی، ملاقات کے دوران آرمی چیف نے چیف جسٹس کو ایک خط بھی دیا جس میں پاک فوج کی جانب سے ڈیمز فنڈ کیلئے جمع کی گئی رقم کی تفصیلات شامل ہیں، خط کے متن میں کہا گیا کہ مجموعی طور پر ایک ارب 59لاکھ روپے سے زائد کی رقم جمع کرکے سپریم کورٹ ڈیمز فنڈ میں جمع کرائی جارہی ہے، آرمی افسران نے اپنی 2دن کی تنخواہ جب کہ جونیئر کمیشنڈ افسران اور اہلکاروں کی جانب سے ایک دن کی تنخواہ ڈیمز فنڈ میں دی گئی،اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج ایک قومی ادارے کی حیثیت سے ملکی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے بھی قوم سے خطاب کے دوران دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کی فوری تعمیر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے قائم فنڈ پی ایم اور سی جے اکاﺅنٹ ہوگا جس میں عوام سے عطیہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی تھی ۔
آرمی چیف ملاقات