میاں چنوں ٗچند ہزارکا قرض نہ اتارنے پر مزدور پر بہیمانہ تشدد
میاں چنوں (این این آئی)میاں چنوں کے علاقے تلمبہ میں 40 ہزار روپے قرض واپس نہ کرنے پر بااثر افراد نے محنت کش کو اغوا کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق میاں چنوں کے نواحی گائوں تلمبہ میں بااثر افراد نے قرض کی رقم واپس نہ کرنے پر محنت کش کو اغوا کرکے تشدد کیا۔اپنے بیان میں متاثرہ شخص نے کہا کہ پانچ ملزمان نے اسے زبردستی ڈیرے میں لے جاکر تشدد کا نشانہ بنایا ٗملزمان نے اس کے سر، مونچھوں اور بھنووں کے بال مونڈھ کر اس کے چہرے پر کالا تیل لگادیا تھا۔متاثرہ شخص نے کہا کہ اس پر تشدد اس لیے کیا گیا کیونکہ وہ قرض کی مد میں لیے گئے 40 ہزار روپے واپس کرنے میں ناکام ہوگیا تھا۔اس کا کہنا تھا کہ اس نے تھانے میں درخواست بھی دائر کی لیکن پولیس نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ ملزمان اسے اب بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔تھانہ تلمبہ کے ایس ایچ او فرخ سجاد نے اس حوالے سے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ٗملزمان کی گرفتاری کے بعد ایف آئی آر درج کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے بعد معاملے کی مکمل تفتیش کی جائے گی۔