ملکی مفاد میں تحریک انصاف کے راستے کی رکاوٹ نہیں بنیں گے: یوسف رضا
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وسیع تر ملکی مفاد کی خاطر ہم تحریک انصاف کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنیں گے،ملکی ترقی کیلئے ساتھ دینگے ،پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کی ترقی کے لیے کام کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ملتان کے دفتر کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان جڑواں اسلامی برادر ممالک ہیں شاہ محمود کو افغانستان کا دورہ کرنا چاہئے،ہم نے کوشش کرنی ہے کہ ملک کے حالات کو نارمل کیا جائے ،ہمارے چائنا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں انکو خراب نہیں کرنا چاہئے ، ملکی خوشحالی کیلئے ڈیمز ضروری ہیں ،پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں دیا میر بھاشا ڈیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا مجھے ایک کال آئی تھی کہ دیا میر بھاشہ ڈیم کے لیے آپ نہ جائیں، مگر میں وہاں گیا اور وہاں جا کر بیس منٹ کی تقریر کی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کا دورہ تھا ہی انڈیا کے لیے، امریکہ سے ہم لڑنا بھی نہیں چاہتے، سرائیکی صوبہ کے لیے تمام جماعتوں نے سپورٹ کیا تھا، ہم نے سینٹ میں سرائیکی صوبے کا بل پاس کیا تھا مگر اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے صوبہ نہیں بنا۔بے نظیر انکم سپوٹ پروگرام بہت اہم پروگرام ہے،پوری دنیا نے اس کی تعریف کی ہے اگر اس پروگرام کو بند کریں گے تو نقصان ہو گا،ہر دور خواہ وہ مشرف کا ہو یا کسی اور کا دور ہو میں جیل میں رہااب بھی کیسز سے گھبرانے والے نہیں۔