کلثوم نواز کی وفات: وزیراعظم آزاد کشمیر کا تین دن کے سوگ کا اعلان
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے صدر جماعت کی حیثیت سے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے زیراہتمام تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں نہ صرف انہوں نے اپنی سیاسی و سرکاری مصروفیات ملتوی کر دی ہیں بلکہ ہجیرہ کے ضمنی الیکشن میں پارٹی کی انتخابی مہم تین روز کیلئے روک دی ہے۔ راجہ فاروق خان نے بیگم کلثوم نواز کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور میاں نواز شریف اور شریف فیملی کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وہ اپنے رفقاء کے ہمراہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے لاہور جائیں گے۔ جبکہ آزاد کشمیر کے تمام اضلاع اور مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقوں سے مسلم لیگی کارکن بھی نماز جنازہ میں شرکت کریںگے۔