نیت ٹھیک ، قدم درست جانب، عوام کو بہترین سہولتیں دینے کی کوشش کررہے ہیں :عثمان بزدار
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کی قومی اور ملی خدمات گراں قدر ہیںاور نئی نسل کو تحریک پاکستان کی جدوجہد سے آگاہ کرنے میں ان اداروں نے متحرک انداز میں کام کیا ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں عظیم قربانیاں دے کرپاک وطن حاصل کیا گیا اور قائداعظم کی جدوجہد میں ہمارے لئے پیغام پنہاں ہے۔ عمران خان کے پروگرام کو آگے لے کر چل رہے ہیں اورصوبے میں عوام کو بہترین سہولتیں دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ تعلیم، صحت، یاحت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات لا کر بہتری کریں گے۔ ہماری نیت ٹھیک ہے اور قدم درست جانب اٹھ رہے ہیں۔ میرا تعلق عوام سے ہے اور عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے کہا کہ آپ کے بزرگ تحریک پاکستان کی جدوجہد میں شریک رہے ہیںاور انہیں ایوارڈ بھی ملا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ آپ جیسا عام طبقے سے تعلق رکھنے والا شخص وزیراعلیٰ بنا ہے۔ ہماری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔وفد کی قیادت تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے چیئرمین، چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد کر رہے تھے۔ صوبائی مشیر اکرم چودھری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عثمان بزدار سے ڈپٹی چیف آف دی ائیرسٹاف (ٹریننگ) ائیر مارشل شاہد اختر علوی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا- وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں پولیس ریفارمز کمشن کے قیام کے حوالے سے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے پروگرام کے تحت پولیس نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں۔ اصلاحات کے تحت پولیس کے کام میں کوئی مداخلت نہیں کر سکے گا۔ پولیس کو مکمل طور پر غیر جانبدار پولیس بنائیں گے۔ ایسی پولیس جو عوام کی توقعات پر پورا اترے۔ پولیس کا فرض ہے کہ وہ عوام کی دادرسی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ سائلین کی خدمت پولیس کا بنیادی فرض ہے۔ پولیس ریفارمز کمیشن کے قیام سے متعلق امور جلد سے جلد طے کئے جائیں اوراس ضمن میں سفارشات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ عثمان بزدار نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کا آزاد وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا اور آ ج ہم ان ہی کی وجہ سے آزاد قوم کی حیثیت سے آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے یوم شہادت کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے 1965ء کی جنگ میں ملک کے پرچم کو سر بلند رکھنے اور پاک دھرتی کی حفاظت کے لئے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ عثمان بزدار نے بی اے ،بی ایس سی کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبا و طالبات کو مبارکباد دی ہے۔