• news

کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں ، جمہوریت کیلئے جدوجہد کی ، صدر ، وزیراعظم ، چیف جسٹں ، آرمی چیف ، سیاسی ، مذہبی رہنماؤںکااظہار افسوس

لاہور (خصوصی رپورٹر + خبر نگار + خصوصی نامہ نگار) صدر مملکت عارف علوی، چیف جسٹس ثاقب نثار، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین سینٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو، سربراہ جے یو آئی فضل الرحمن، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سیاسی، دینی جماعتوں کے رہنمائوں نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہادر خاتون تھیں۔ تحریک انصاف کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہمیں کلثوم نواز کے انتقال کی خبر پر گہرا دکھ ہے، جو آمریت کے سامنے چٹان کی طرح کھڑی رہیں۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں، جمہوریت کیلئے جدوجہد کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے تعزیتی پیغام میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ سابق صدر مملکت و نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین جسٹس (ر) محمد رفیق تارڑ نے بیگم کلثوم نواز کی وفات کو قومی المیہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے شریف فیملی سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز جیسی صابر اور دلیر خاتون نے جس طرح ڈکٹیٹر پرویز مشرف کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اسی طرح انہوں نے کینسر کے خلاف بھی طویل جنگ لڑی۔ مولانا فضل الرحمن، سینیٹر سراج الحق نے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر انتہائی افسوس ہوا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں۔ اللہ کلثوم نواز کے اہل خانہ کو حوصلہ دے۔ اس افسوس کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ فضل الرحمن نے شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی فیملی کیلئے یہ بہت بڑا صدمہ ہے۔ بختاور بھٹو، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، لیاقت بلوچ، مصطفی کمال، سلیم مانڈوی والا، سینیٹر شبلی فراز، راجہ ظفر الحق، اسفند یارولی، سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان، منظور وٹو، پی پی کے رہنمائوں قمر زمان کائرہ، چودھری منظور، ڈاکٹر طاہر القادری، امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی اور مولانا امیر حمزہ، ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، محمد یعقوب شیخ، حافظ خالد ولید، امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کلثوم نواز کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور جوہن ہور نے ٹوئیٹر پر کہا کہ پاکستان میں امریکی مشن کی طرف سے ہم سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔سینئر مسلم لیگی رہنما خواجہ حسان، شاہد آفریدی، فریال تالپور، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق، رانا ثنا، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال، پی پی رہنما خورشید شاہ نے بھی شریف فیملی سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا نواز شریف کے نام پیغام میں تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ بیگم کلثوم نواز کے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہیں۔ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ انتقال کی خبر پر دلی صدمہ ہوا۔سابق صدر مشرف، آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین ڈاکٹر امجد گورنر پنجاب چودھری سرور، گورنر خیبر پی کے شاہ فرمان، چیف الیکشن کمشنر، جسٹس (ر) سردار رضا نے بھی کلثوم نواز کے ایصال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ایک دلیر، نڈر اور بہادر خاتون تھیں۔ ان سے وقت کا آمر بھی کانپ گیا تھا۔ پرویز مشرف کیخلاف انکی جدوجہد مثالی نوعیت کی تھی۔ انہوں نے بطور خاتونِ اوّل اَنمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ انکی قربانیوں سے بڑھ کر کسی کی قربانی نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن