• news

جیل میں ملاقات ، نواز شریف ، شہباز اور مریم روتے رہے

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) شہباز شریف، حمزہ شہباز اور شریف فیملی کے دیگر افراد نے اڈیالہ جیل میں نواز شریف‘ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے نواز شریف سے اظہار تعزیت کیا۔ بیگم کلثوم نواز کی وفات کی خبر سنتے ہی شریف فیملی کے تمام افراد آپی جی اور میاں شہباز شریف سمیت راولپنڈی چلے گئے۔ مریم نواز چچا شہباز شریف سے گلے لگ کر دھاڑیں مار کر رو پڑیں۔ دونوں بھائی بھی گلے لگ کر آبدیدہ ہو گئے۔ شہباز شریف مریم نواز اور بھائی نواز شریف کو تسلیاں دیتے رہے۔ ملاقات میں پے رول پر رہائی سمیت میت کی پاکستان منتقلی پر تبادلۂ خیال کیا۔ نواز شریف نے شہباز شریف کو تمام امور بہتر انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے والدہ سے ملے 2 ماہ ہو جانے اور بات نہ ہونے کا بار بار ذکر کیا۔ مریم نواز والدہ کا چہرہ آخری کال پر ہی دکھا دینے کی بات کرتی رہیں۔ مریم نواز نے اپنے بچوں کو بھی کافی دیر تک گلے لگائے رکھا۔ کیپٹن (ر) صفدر بھی آبدیدہ تھے تاہم وہ نواز شریف اور مریم نواز کو دلاسہ دیتے رہے۔ راولپنڈی روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات سے شدید صدمہ پہنچا ہے۔ اپنی بھابھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جمہوریت مرحومہ کلثوم نواز کی مقروض رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماں، بہن، بیٹی اوراہلیہ کے طورپر انہوں نے مثالی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات سے ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ بیگم کلثوم نواز کی دنیائے فانی سے رخصتی کو بڑا نقصان اور بڑا صدمہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں انہوں نے مردانہ وار مصائب کا ڈٹ کرمقابلہ کیا۔ لاہورسے راولپندی آمد کے بعد سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اڈیالہ جیل پہنچے جہاں ان کی بھائی نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر سے ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق جیل حکام کی جانب سے شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور شریف فیملی کے دیگر افراد کو نواز شریف سے ملنے کی اجازت دی گئی تھی۔ ملاقات میں بیگم کلثوم نوازکی میت وطن واپس لانے اوران کی تدفین کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن