• news

ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے کراچی کی ترقی اور خوشحالی ضروری ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی ملک کی معاشی اور نظریاتی شہ رگ ہے۔ ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے کراچی کی ترقی اور خوشحالی ضروری ہے۔ایم کیو ایم پہلے بھی حکومتوں میں شامل رہی ہے اور موجودہ حکومت میں بھی شریک ہے۔پی ٹی آئی کا مینڈیٹ ہے کہ وہ کراچی کے مسائل حل کرے،وزیر اعظم عمران خان کراچی آرہے ہیں۔ وہ اس موقع پر کراچی کیلئے 500ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کریں، سانحہ بلدیہ فیکٹری اور سانحہ 12مئی کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے ،سانحہ بلدیہ کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ، کراچی میں سرکاری کواٹروں کے مکینوں کو بے دخل کرنے کے بجائے ان کو مالکانہ حقوق دیے جائیں ، کے الیکٹرک کے بے لگام گھوڑے کو لگام دی جائے اور کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کو معاوضہ اور زخمی ہونے والوں کی کفالت کا انتطام کے الیکٹرک سے کروایا جائے ،کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے ،کراچی میں پویس اور رینجرز کی موجودگی کے باوجود اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ حکومت کے لیے شرمناک ہے ،جامعہ کراچی کو مالی بحران سے نکالا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔عمران خان ختم نبوت اور توہین رسالت کے حوالے سے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کریں اور قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے امریکہ سے بات کریں ، مسئلہ کشمیر پر کسی بھی حکومت کو پیچھے ہٹنے کا کوئی مینڈیٹ نہیں ہے ، موجودہ حکومت مسئلہ کشمیرپر متفقہ قومی موقف کو اٹھائے اور کشمیریوں کو ان کاحق خود ارادیت دلانے کے لے ان کی ترجمانی کرے ، ڈیم ملک کی ضرورت ہیں ، ضرور تعمیر ہونے چاہئے ،کرپشن کی رقم وصول کرلی جائے تو ملک میں کئی ڈیم بن سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سکریٹری محمد اصغر ، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن و دیگر بھی موجود تھے۔ اس مو قع پر انہوں نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شریف فیملی سے اظہار تعزیت کیا۔

ای پیپر-دی نیشن