شیخوپورہ میں 7 افراد کا قتل، سپریم کورٹ سے 2 ملزم 10 سال بعد بری
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے شیخوپورہ میں 2009 میں 7 افراد کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث دو ملزموں کو 10سال بعد ناکافی شواہد کی بنا پر بری کرنے کا حکم جاری کردیا۔ عدالت نے قرار دیا ملزموں کے خلاف استغاثہ اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سا ت افراد کو قتل کرنے کے الزام میں قید ملزم فدا حسین اور ذوالفقار علی کی اپیلوں پر سماعت کی۔ ملزم 2011 سے زیرحراست تھے، ملزم کو ٹرائل کورٹ نے 7 مرتبہ سزائے موت سنائی تھی اور ہائیکورٹ نے یہ سزا برقرار رکھی تھی۔ عدالت نے قرار دیا ملزموں کے خلاف شواہد ناکافی ہیں۔ عدالت نے اغوا برائے تاوان کے ایک اور مقدمے کے دو ملزموں کو بھی ناکافی شواہد کی بنا پررہا کرنے کا حکم دیدیا۔ بلوچستان کے ضلع جعفرآباد سے تعلق رکھنے والے ملزم غوث بخش اور علی مراد پر دو نوجوانوں عنایت اللہ اور سعید احمد کو اغوا کرنے کا الزام تھا۔