ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے گستاخانہ خاکوں کے مقابلوں کے معاملے پر ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی درخواست پر وزیراعظم ، سیکرٹری خارجہ ، سیکرٹری داخلہ اور وزارت آئی ٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15اکتوبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔ وزیراعظم کو ان کے پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے فریق بنایا گیا ہے۔ دوران سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے حکومت کو گستاخانہ خاکوں کے خلاف سخت ترین ایکشن لیتے ہوئے حضور کی عزت و ناموس کے تحفظ کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے شہری حافظ احتشام کی جانب سے ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی درخواست کی سماعت کی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کیا عدالت وفاقی حکومت کو کسی بھی ملک سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا حکم دے سکتی ہے اور کیا عدالت خارجہ پالیسی میں مداخلت کر سکتی ہے؟ اس پر ملک مظہر جاوید ایڈووکیٹ نے کہا کہ جب معاملہ حضور کی عزت و ناموس کے تحفظ کا ہو تو عدالت کو یہ مکمل اختیار حاصل ہے ، حکومت اور عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے بنیادی انسانی اور مذہبی حقوق کا تحفظ کرے۔