• news

دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائیگا: پاکستان، ایران

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور ایران کے وزراءدفاع نے کہا ہے کہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ ایرانی خبر رساں ادارے”ارنا“ کے مطابق ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل 'امیر حاتمی' نے بدھ کے روز پاکستان کے نئے وزیر دفاع 'پرویز خٹک' کو فون کرکے انہیں پاکستان میں حالیہ انتخابات کے کامیاب انعقاد اور وزیر دفاع کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو زیادہ تر اہمیت دینے سے متعلق ایرانی سپریم لیڈر اور صدر کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان میں نئی قیادت کے آنے کے بعد اور دونوں ممالک کے رہنماﺅں کے مشترکہ عزم کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لئے رکاوٹوں کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ بریگیڈیئر جنرل 'امیر حاتمی' نے کہا کہ ہمیں یقین پاکستان جو عالم اسلام کا ایک اہم ملک ہے، ماضی کی طرح امت مسلمہ کے مفادات کے لئے علاقائی تبدیلیوں پر اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ ایرانی وزیر دفاع نے پاک ایران معاشی، تجارتی اور دفاعی روابط کو بڑھانے کے لئے دونوں ممالک کی صلاحیتوں کو سراہا۔ دریں اثنا ایرانی سفیر نے گزشتہ روز پٹرولیم وزیر سے ملاقات کی۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گی۔ ایرانی سفیر نے وزیر پٹرولیم کو دورہ ایران کی دعوت دی۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کی تکمیل کیلئے پرعزم ہیں
وزرا دفاع

ای پیپر-دی نیشن