• news

لاہور ہائیکورٹ کا نام تبدیل کرکے پنجاب ہائیکورٹ رکھنے کیلئے دائر درخواست پر صوبائی حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کا نام تبدیل کرکے پنجاب ہائیکورٹ رکھنے کیلئے دائر درخواست پر پنجاب حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ فاضل عدالت نے آئندہ سماعت پر جواب پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزید شیخ نے سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جاوید رشید محبوبی کی درخواست پر سماعت کی جس میں لاہور ہائیکورٹ کا نام تبدیل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے جواب داخل نہیں کرایا گیا جس پر پنجاب حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ درخواست گزار نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ قانون کے مطابق ہائیکورٹ کا نام کسی شہر کے نام سے منسوب نہیں کیا جا سکتا ہے اس لیے لاہور ہائیکورٹ کا نام شہر کے نام سے منسوب کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔ درخواست پر آئندہ کارروائی 19 دسمبر کو ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن