حقیقی فلاحی معاشرے کے قیام کیلئے فروغ تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہو گی: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے معروف سکالر، ماہر تعلیم، آئی ایل ایم ٹرسٹ کے بانی اور یو ایم ٹی کے چیئرمین ڈاکٹر حسن صہیب مراد کی نماز جنازہ کے موقع پر مرحوم کے اہل خانہ اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے مرحوم کی گرانقدر خدمات کو سراہا اور کہاکہ ڈاکٹر حسن صہیب مراد نے تعلیمی میدان میں جو خدمات سر انجام دی ہیں، انہیں مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ ملک سے جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے اور ایک حقیقی فلاحی معاشرے کے قیام کے لیے تعلیم کے فروغ کی طرف خصوصی توجہ دینا اور سکولوں سے باہر اڑھائی کروڑ بچوں کو تعلیمی اداروں میں لانا ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ ڈاکٹر حسن صہیب مراد نے اس حقیقت کو پلے باندھ لیا تھا۔ انہوں نے زندگی کے ابتدائی ایام سے ہی تحریک اسلامی کو اپنا آئیڈیل بنایا اور اصلاح معاشرہ کے لئے تعلیم و تعلم کے میدان کا انتخاب کیا۔ نماز جنازہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے پڑھائی، نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی جن میں بڑی تعداد ان کے شاگردوں کی تھی۔ بعدازاں ڈاکٹر حسن صہیب مراد مرحوم کو یونیورسٹی کے باغیچہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اب حکومت کو اپنی کارکردگی سے ثابت کرنا ہوگا کہ انہوں نے الیکشن سے پہلے اور الیکشن کے دوران عوام سے جو وعدے کئے تھے، ان کو پورا کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔