ہائیکورٹ نے 9بچوں‘ 10خواتین سمیت 29بھٹہ مزدوروں کو بازیاب کراکر رہائی کا حکم دیدیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے مجموعی طور پر 29 بھٹہ مزدوروں کو بازیاب کروا کر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔رہا ہونے والوں میں 9 بچے اور 10 خواتین بھی شامل ہیں۔فاضل عدالت نے قرار دیا کہ دستور اور مروجہ قوانین کے مطابق کسی شہری سے جبری مشقت نہیں لی جاسکتی۔لاہور ہائیکورٹ نے ارشد سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکلاء نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ فیصل آباد کے بھٹہ مالک چودھری رفیق، چودھری صغیر ، سیالکوٹ کے بھٹہ مالک گلفام نے مزدوروں کو حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ مزدوروں پر تشدد کر کے جبری مشقت لی جارہی ہے اور سرکاری ریٹ پر معاوضہ بھی نہیں دیا جارہا ہے‘ عدالت تمام مزدوروں کو بازیاب کروا کر رہا کرنے کا حکم دے۔فاضل عدالت کے رو برو بیلف نے بازیاب مزدوروں کو پیش کیا۔فاضل عدالت نے تمام مزدوروں کی رہائی کے احکامات جاری کر دیئے۔