ڈیم فنڈ، یومیہ 100 ملین روپے عطیات کی وصولی، چیف جسٹس نے ایک لاکھ جمع کرا دیا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ +اے پی پی+ آئی این پی+ این این آئی) دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کیلئے قائم کردہ وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان ڈیم فنڈ میں یومیہ اوسطاً 100 ملین روپے سے زائد کے عطیات موصول ہو رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جولائی 2018ءمیں ڈیمز کی تعمیر کیلئے فنڈ قائم کیا تھا جس کے بعد 6 جولائی تا 31 جولائی 2018ءکے دوران اس مد میں 506.4 ملین روپے کے عطیات موصول ہوئے۔ اگست 2018ءکے دوران عطیات کی وصولیوں میں 709.4 ملین روپے کے اضافہ سے یکم اگست تا 31 اگست 2018ءکے دوران فنڈ میں جمع کرائے گئے عطیات کا حجم 1215.8 ملین روپے تک بڑھ گیا۔ گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم اور بالخصوص سمندرپار مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ فنڈ میں زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کرائیں اور انہوں نے وزیراعظم اور چیف جسٹس ڈیمز فنڈ کو یکجا کرنے کا اعلان کیا۔ سپریم کورٹ کے اعدادوشمار کے مطابق وزیراعظم اور چیف جسٹس ڈیمز فنڈ کو یکجا کرنے کے بعد ستمبر 2018ءکے دوران عطیات کی وصولیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یکم تا 11 ستمبر 2018ءصرف گیارہ روز کے دوران اس مد میں 1193.2 ملین روپے کے عطیات وصول ہوئے ہیں۔ مزید برآں چیف جسٹس ثاقب نثار نے ڈیم فنڈ میں ایک لاکھ روپے کا عطیہ دے دیا‘ جمعرات کو چیف جسٹس ثاقب نثار نے ڈیم فنڈ میں ایک لاکھ روپے کا عطیہ دیا۔ چیف جسٹس اس سے قبل بھی گیارہ لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں عطیہ کرچکے ہیں۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن کے تمام افسران نے 2 اور دیگر اہلکاروں نے ایک دن کی تنخواہ ڈیمز فنڈ میں جمع کرانے کا فیصلہ۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن پاکستان کے تمام افسران نے 2 دن اور دیگر اہلکاروں نے ایک دن کی تنخواہ ڈیمز فنڈ میں جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے سیکرٹری الیکشن کمشن نے اے جی پی آر اور متعلقہ حکام کو خط بھی ارسال کر دیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے سپارس گروپ نے ملاقات کی اور ڈیمز فنڈ کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔ جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے سپارس گروپ کے وفد نے ملاقات کی۔ سپارس گروپ نے چیف جسٹس کو ڈیمز فنڈ کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈیم کیلئے قوم سے ڈیمز فنڈ میں عطیات جمع کرانے کی اپیل کی تھی۔ بحریہ یونیورسٹی کے ملازمین نے ایک دن کی تنخواہ سپریم کورٹ آف پاکستان دیامر بھاشا اینڈ مہمند ڈیم فنڈ میں جمع کروانے کا اعلان کر دیا۔ جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ملازمین کی ایک روز کی تنخواہ 27لاکھ روپے بنتی ہے۔ بحریہ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اس قومی فریضہ میں عطیہ کرتے ہوئے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی عوام اور معیشت کی بقاءکے لئے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم کی تعمیر سے پاکستان نہ صرف زراعت کے لئے پانی کی کمی پر قابو پایا جائے گا بلکہ ہائیڈرو پاور پلانٹس کی تنصیب سے سستی بجلی بھی پیدا کی جائے گی جس سے ملکی معیشت مزید پھلے پھولے گی۔ بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر نے کہا کہ اگر آج پانی کی کمی کے مسئلے کے حل کےلئے اقدامات نہ کئے گئے تو آنے والے برسوں میں پاکستان کی قومی سلامتی شدید خطرات سے دو چار ہو سکتی ہے۔
ڈیم فنڈ