چیف آف ائیرانٹرنیشنل سکواش طیب اسلم فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئے
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) چیف آف ائیر سٹاف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں ہانگ کانگ کے لیو آ اورمصر کے یوسف سلیمان فائنل پہنچ گئے۔ فائنل آج چار بجے کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے طیب اسلم کو سیمی فائنل میں شکست ہو گئی ۔
چیف آف ایئر سٹاف اور پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان مہان خصوصی ہوں گے اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔سیرینا ہوٹلز پاکستان انٹرنیشنل ویمن سکواش ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں مصر کی کھلاڑیوں رووان ایلربی اور ناداا عباس نے مخالف کھلاڑیوں کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔اس موقع پرپاکستان سکواش فیڈریشن کے سینئر وائس پریذیڈنٹ ائیر مارشل شاہد اختر علوی مہمانِ خصوصی تھے۔ مردوں کے چیف آف ائیر سٹا ف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کے ورلڈ نمبر22 لیو آ نے پاکستان کے ورلڈ نمبر95 طیب اسلم کو 11-9،-2 11اور 11-5سے ہرایا۔یہ میچ 47 منٹ جاری رہا۔ جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں مصر کے ورلڈ نمبر48 یوسف سلیمان نے ملائیشیا کے ورلڈ نمبر41 نفیزوان عدنان کو 4-11، 11-9،13-11اور11-6سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔یہ میچ 66منٹ تک جاری رہا۔ان میچوں کو شائقین کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ مصر اور ملائیشیاکے سفیر حضرات نے بھی دیکھا۔ جمعہ کو خواتین کا فائنل تین بجے اور مردوں کا چار بجے کھیلا جائے گا۔