تمام سیاسی پارٹیاں ڈیم بنانے میں کردار ادا کریں
مکرمی! مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھاشا ڈیم کے لئے 122 ارب روپے میاں نواز شریف حکومت نے خرچ کئے اور پوری زمین خریدی اور اس کی فزیبلٹی تیار کروائی ان کا یہ بیانیہ عمران خان کی عوام کو اور خصوصاً سمندر پاکستانیوں سے اس اپیل کے بعد آیا ہے کہ وہ بھاشا ڈیم کے لئے چندہ دیں راقم بھاشا ڈیم کے لئے نوازشریف کے بتائے گئے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے مگر کیا ہی اچھا ہوتا کہ وہ پانی کی کمی سے قحط کی طرف جاتے پاکستان کو بچانے کے لئے پیش بندی کا اظہار کرتے ہوئے میٹروٹرین اور دیگر ترقیاتی منصوبے چھوڑ کر دس ارب روپے مزید خرچ کر کے بھاشا ڈیم کو پایا تکمیل تک پہچانے کی کوشش کر کے پورا کریڈٹ لے لیتے۔ ماضی میں ہمارے حکمرانوں نے کالا باغ ڈیم کی بھی فزیبلٹی تیار کروائی تھی مگر کروڑوں کے اخراجات کرنے کے بعد یہ منصوبہ سیاست کی نظر ہو گیا ۔ اب تمام سیاسی پارٹیوں کے لئے ضروری ہے کہ عوام کی بھلائی کے کاموں میں شریکہ نہ پیٹیں نمبر بازی کی گیم کو چھوڑ دیں یکجا ہو کر ڈیم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈیم میں چندہ دینے کی اپیل میں شامل ہو جائیں۔ بہت سے لوگ چندہ دینا چاہتے ہیں مگر وہ اپنے عطیہ کا صحیح استعمال چاہتے ہیں۔ ان کے شکوک و شبہات کو دور کرنے میں سیاسی پارٹیاں اہم کر دار ادا کر سکتی ہیں۔ یہ عمران خان کا ذاتی ڈیم نہیں ہے۔ اس کو عوامی ڈیم بنائیں اور دنیا کو بتائیں کہ پاکستانی قوم جاگ رہی ہے اور اپنا مقدر سنوارنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔(زاہد رﺅف کمبوہ غلہ منڈی گوجرہ ٹوبہ ٹیک سنگھ)