• news

سعودی عرب‘ چین معاشی بحران سے نکلنے میں مدد کرینگے‘ سی پیک میں تیسرا ملک شامل ہو رہا ہے : فواد چوہدری

اسلام آباد (جاوید صدیق) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے تحریک انصاف حکومت کی انفارمیشن پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا حکومت میڈیا کی آزادی کو یقینی بنائے گی۔ میڈیا پر کسی قسم کی قدغن یا پابندی لگانے کی کوشش نہیں کی جائے گی۔ اس سوال پر کہ صحافیوں اور میڈیا مالکان کا تاثر یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت اشتہارات کو بطور ہتھیار استعمال کرکے میڈیا خاص طور پر پرنٹ میڈیا کے لیے مشکلات پیدا کررہی ہے۔ فواد چودھری نے اس تاثر کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا ہم صحافیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے صحت کارڈ سکیم شروع کر رہے ہیں۔ صحافیوں کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کریں گے۔ نوائے وقت اور نیشن کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہم صحافیوں کے لیے انشورنس پالیسی بھی شروع کررہے ہیں۔ اشتہارات کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے الزام کی وزیر اطلاعات نے سختی سے تردید کی اور کہا میڈیا گروپوں کو صرف اور صرف سرکاری اشتہارات پر انحصار نہیں کرنا چاہیے انہیں نجی شعبہ سے بھی اشتہارات کے حصول کی حکمت عملی مرتب کرنا چاہیے۔ وزیر اطلاعات نے الزام لگایا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اشتہارات کو رشوت کے طور پر استعمال کیا۔ ہم اس کی تحقیقات بھی کریں گے۔ اس سوال پر بعض میڈیا گروپوں کی حکومت کی طرف واجب الادا اربوں روپے کی رقم جاری نہیں کی جا رہی جس کی وجہ سے میڈیا کارکنوں کی اجرتوں کی ادائیگی میں تاخیر ہو رہی ہے جس پر وزیر اطلاعات نے کہا میڈیا گروپوں کا دعویٰ ہے حکومت نے چار ارب روپے سے زیادہ کی رقم ادا کرنی ہے جبکہ یہ رقم متنازعہ ہے۔ حکومت نے سوا ارب روپیہ دینا ہے جس کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں یہ رقم ادا کی جائے۔ وزیر اطلاعات سے استفسار کیا گیا حکومت عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے کب تک اقدامات کرے گی تو وزیر اطلاعات نے کہا اس پر کام ہو رہا ہے۔ سابق حکومت نے معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا تھا۔ گردشی قرضے 1100 ارب روپے تک جا پہنچے ہیں۔ گیس کے شعبہ میں 124 ارب روپے کا خسارہ ہے۔ ہم بتدریج اس صورتحال سے نکلیں گے اس کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مالیاتی بل میں ترامیم کا معاملہ ہم پارلیمنٹ میں لے کر جا رہے ہیں۔ ہم نے یہ ترامیم نہ کیں تو تباہ حال ملکی معیشت کو بحال کرنا ناممکن ہو گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے نام نہاد تجربہ کار وزراءنے ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا۔ پنجاب حکومت کے پاس بے پناہ وسائل تھے پنجاب امیر ترین صوبہ ہے لیکن وہ بھی کنگال ہو چکا ہے۔ وزیر اطلاعات سے پوچھا گیا موجودہ حکومت پر ایک الزام یہ ہے وہ سی پیک منصوبے میں بھی ترامیم کرنا چاہتی ہے تو چودھری فواد حسین نے کہا سی پیک ہماری معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا ہم تو سی پیک منصوبہ کو وسعت دے رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے بتایا پاکستان اور چین کے علاوہ ایک تیسرا اہم ملک بھی سی پیک کا حصہ بننے والا ہے۔ ہم نے امریکہ کو بھی دعوت دی ہے وہ سی پیک کا حصہ بن جائے۔ اس سوال پر وزیراعظم عمران خان سعودی عرب جا رہے ہیں کیا سعودی عرب سے پاکستان کو کوئی معاشی امداد ملنے کا امکان ہے تو فواد حسین چودھری نے کہا جی ہاں سعودی عرب اور چین موجودہ معاشی بحران سے نکلنے کے لئے ہماری مدد کریں گے۔ وزیراطلاعات سے استفسار کیا گیا اپوزیشن کا مطالبہ ہے انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اس دھاندلی کی تحقیقات کے لئے کمشن بنایا جائے ورنہ اپوزیشن قومی اسمبلی کی کارروائی نہیں چلنے دے گی۔ وزیر اطلاعات نے جواباً کہا ہم کمشن بنانے کے لئے تیار ہیں۔ ہم اس سلسلے میں کسی لیت و لعل سے کام نہیں لیں گے۔سپیشل رپورٹ کے مطابق پی ٹی وی کے بورڈ آف گورنرز کے سربراہ ارشد خان نے گزشتہ روز وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین سے ملاقات کی اور ان سے پی ٹی وی سے متعلق انتظامی اور مالی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اسلام آباد(آئی این پی+اے پی پی)وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی وی اور ریڈیو اکیڈیمی کو ملا کر میڈیا یونیورسٹی بنائیں گے،ماضی میں سیاسی مداخلت سے پی ٹی وی کو نقصان پہنچایا گیا،پی ٹی وی کے عہد رفتہ کی عظمت کو بحال کریں گے،سی پیک سے متعلق مغرب خصوصاً امریکی میڈیا جانبدارانہ خبریں دے رہا ہے،سی پیک کو کامیاب منصوبہ بنا کر دکھائیں گے،ریڈیو پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کریں گے۔ففتھ جنریشن وار میڈیا کے محاذ پر لڑی جا رہی ہے۔سی پیک اہم اقتصادی منصوبہ اس کو کامیاب بنا کر دکھائیں گے اور موجودہ حکومت اس منصوبے کو مزید وسعت دے گی۔ ریاستی میڈیا کو جدید ٹیکنالوجی اور سہولیات سے آراستہ کرینگے، پی ٹی وی کے چینلز کومرحلہ وار ایچ ڈی کیا جائے گا، پی ٹی وی اور ریڈیو اکیڈمی کو ضم کر کے سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیا یونیورسٹی بنائی جائے گی، پی ٹی وی ریاستی میڈیا کے سر کا تاج ہے، جیسے جیسے پی ٹی وی ترقی کرے گا ویسے ویسے ریاستی میڈیا ترقی کریگا، ریاستی میڈیا عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بہتر انداز میں کردار ادا کرسکتا ہے۔ وہ جمعہ کو پی ٹی وی اکیڈمی، پی ٹی وی ہوم، ریڈیو اکیڈمی، ریڈیو دوستی چینل کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے ریڈیو میوزیم کا دورہ کیا، قائداعظم محمد علی جناج کا استعمال شدہ مائیک اور دیگر تاریخی آلات کا جائزہ لیا اور ریڈیو اکیڈمی کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے کہا وقت تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، ہمیں دنیا کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔ پی ٹی وی کے عہد رفتہ کی عظمت کو بحال کریں گے۔انہوں نے کہا ماضی میں سیاسی مداخلت سے پی ٹی وی کو نقصان پہنچایا گیا، ہم پی ٹی وی کی ساکھ بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا ہم پی ٹی وی کے ملازمین کے مفادات کا مکمل تحفظ کریں گے۔ پی ٹی وی کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اعلان ہو چکا ہے، اس سے بھی بہت بہتری آئے گی۔ دوستی ریڈیو پر براہ راست انٹرویو میں وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر مشکل پر پورا اتری ہے، چین کے ساتھ اپنی مضبوط دوستی پر فخر ہے۔پاکستان اور چین کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا سی پیک کو مزید وسعت دیں گے، اس میں کسی صورت کمی نہیں ہو گی۔
فواد چودھری

ای پیپر-دی نیشن