وزیراعظم کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس دوست ممالک کیساتھ تعلقات سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جمعہ کو اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، سیکرٹری خارجہ، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں دوست ملکوں کے ساتھ تعلقات اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سلامتی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خطے کی سلامتی کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ افغان مصالحتی عمل سمیت پاکستان افغان سرحدی امور پر بھی زیرغور آئے۔ وزیر خارجہ نے آج بروز ہفتہ دورہ افغانستان سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اپنے پہلے بیرونی دورے پر آج ہفتہ کی صبح افغان دارالحکومت کابل پہنچ رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی اپنے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی کے ساتھ وفود کی سطح پر دو طرفہ مذاکرات کریں گے۔ ان کے مابین الگ ملاقات بھی ہو گی۔ مذاکراتی ایجنڈا میں پاکستان افغان پلان آف ایکشن ، پلان کے ذیلی گروپوں کے اجلاس کے کیلنڈر کی تیاری دوطرفہ تعلقات، بارڈر مینجمنٹ سسٹم اور مہاجرین سمیت متعدد امور زیر غور آئیں گے۔ مذاکرات میں جلال آباد قونصل خانے کی بندش کا معاملہ بھی زیرغور لایا جائے گا جبکہ افغانستان میں قومی مفاہمت اور امن کی کوششوں پر بھی بات ہو گی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی افغان چیف ایگزیکٹوعبداللہ عبداللہ اور اور صدر اشرف غنی سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔ شاہ محمود قریشی افغان صدر کو وزیراعظم کی جانب سے پاکستان دورے کی دعوت دیں گے۔
وزیراعظم/ اجلاس