پشین : اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے نزدیک بم دھماکہ‘ تین لیویز اہلکار شہید ڈرائیور زخمی
پشین/ لاہور (محب ترین+ خبرنگار) پشین کی مصروف ترین شاہراہ مین بائی پاس پر ڈی سی آفس کے قریب چلڈرن پارک کے سامنے اسسٹنٹ کمشنر برشور کی گاڑی کے قریب زوردار دھماکہ ہوا جسکے نتیجے میں گاڑی میں سوار 3لیویز اہلکار شہید جبکہ ڈرائیور زخمی ہوگیا ہے۔ دھماکے کے وقت اسسٹنٹ کمشنر برشور امیر زمان کاکڑ گاڑی میں موجود نہیں تھے۔ لیویز اور پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر علاقے کو مکمل گھیرے میں لیکر بائی پاس کو ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا۔ لاشوں اور زخمیوں کو پشین ہسپتال پہنچایا گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں پانچ سے چھ کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ دھماکے میں شہید اہلکاروں کی شناخت لیویز دفعدار عبدالباقی، سپاہی جعفر خان اور سپاہی عصمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اورنگزیب بادینی اور ایم پی اے بلوچستان اسمبلی الحاج اصغر ترین نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے ہسپتال میں زخمی ڈرائیور کی عیادت بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعے پر افسردہ ہیں، تخریب کاروں کو انکے ٹھکانوں سے نکال کر گردنیں دبوچ دیں گے۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ لیویز فورس کے جوانوں نے ہمیشہ جانیں قربان کر کے علاقے کی حفاظت کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا دھماکے سے سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ضلع پشین کی تحصیل برشور میں اسسٹنٹ کمشنر برشور کی گاڑی کے قریب بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی کارروائی میں تین سکیورٹی اہلکاروں کے شہید ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوھری فواد حسین نے پشین دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کےلئے پاکستانی قوم نے عظیم قربانیاں دی ہیں، پاکستان سے بدامنی کے خاتمے کے اصل ہیرو ہمارے شہداءہیں، قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہےد اہلکاروں کے لواحقےن سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزےت کےا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت ےابی کےلئے دعا کی ہے ۔
پشین دھما کہ