ادارے آئینی حدود میں کام کریں‘ جمہوریت کو انتہا پسندوں سے خطرہ ہے : زرداری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر پیغام میں ملک کے تمام اداروں سے کہا ہے کہ وہ آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔ اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ قانون کی حکمرانی شفافیت، سب کے احتساب اور مخالفت کی آواز برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ اداروں کو آئینی حدود میں کام کرنے اور ان کا احترام کرنا ضروری ہے۔ ایک وقت تھا جبکہ جمہوریت پر براہِ راست حملہ ہوتا تھا اور اسے نظریہ ضرورت لیگل فریم ورک آرڈر اور پی سی اوز کے ذریعے تحفظ دیا جاتا تھا اور ایسے اقدامات کو بی سی او جج تحفظ فراہم کرتے تھے۔ اب وقت کے ساتھ جمہوریت کو درپیش خطرات کی نوعیت تبدیل ہوگئی ہے۔ جمہوریت کو انتہاپسندوں اور عسکریت پسندوں سے خطرہ لاحق ہے کیونکہ یہ لوگ طاقت کے ذریعے اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ عالمی یوم جمہوریت مناتے وقت ہمیں عوام کو جمہوریت کو لاحق ان نئے خطرات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم جمہوریت کی حفاظت کر سکیں۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری سے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فقط جمہوریت ہی مضبوط و خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ جمہوریت انسانی تاریخ کا نچوڑ اور بہترین طرزِ حکمرانی ہونے کے باوجود تاحال دنیا میں اور خصوصاً تیسری دنیا کے ممالک میں عوام دشمن قوتوں کے مقابلے میں کمزور ہے، لیکن تاریخ کا ماحاصل یہی ہے کہ آخری فتح عوام کی ہوگی۔ دریں اثنا پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ہفتہ کو عالمی یوم جمہوریت منا یا جائیگا، اس موقع پر مختلف سیاسی شخصیات کی جانب سے پیغامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے عوام ہی جمہوریت کے اصل وارث ہیں، جمہوری مقاصد کے حصول کیلئے ساری سیاسی قیادت کو آپس کے اختلافات بھلا کر یکجا ہونے کی ضرورت ہے، جمہوریت اقتصادی و سماجی ترقی، عالمی، امن اور سلامتی کےساتھ ساتھ انسانی بنیادی حقوق اور آزادی کی ضمانت دیتی ہے، امن، انسانی حقوق اور ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے جمہوریت کا ہونا ناگزیر ہے، جو دنیا بھر میں ہرسال 15ستمبر کو منایا جاتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جمہوری نظام ایک مشترکہ قدر ہے، جس کی بنیاد پر عوام آزادانہ طور پر سیاسی اقتصادی ثقافتی نظام میں شرکت کر سکتے ہیں۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں جمہوری اصولوں پر کار بند رہنے اور اس نظام حکومت کے تحفظ اور فروغ کی خاطر اپنے عزم کی تجدید کرواتا ہے۔ چیئرمین سینٹ نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو عالمی یوم جمہوریت پر مبارکباد دی۔
زرداری/ یوم جمہوریت