شہناز شیخ کا پاکستان ہاکی کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے وزیر اعظم کو خط
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان ہاکی کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے حل تلاش کر لیا گیا، جس میں فیڈریشن میں کرپشن، اقرباء پروری کے خاتمے اور ٹیم کی انٹرنیشنل مقابلوں میں عوامی توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے کے لئے تجاویز بھی پلان کا حصہ ہیں۔ ماضی کے عظیم ہاکی پلیئر شہناز شیخ نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں قومی کھیل کو ماضی کے سنہری دور کی طرف لے جانے کی متعدد تجاویز دی گئی ہیں خط کے مطابق گزشتہ تین عشروں سے پی ایچ ایف کے فنڈز کا زیادہ تر دارومدار حکومت کی طرف سے ملنے والے فنڈز پر ہوتا ہے، ماضی کے اس عمل کے خاتمے کے لئے پی ایچ ایف کے لئے فوری طور پر 4 ارب روپے اکٹھے کرنے کی ضرورت ہے، 2 ارب روپے کا انتظام حکومت کرے جبکہ 2 ارب روپے پی ایچ ایف اپنے وسائل سے اکٹھے کرے گا، 4 ارب کی اس رقم کو بنک میں رکھنے کی صورت میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 30 سے 35 کروڑ روپے کی سالانہ رقم میسر آئے گی، اس رقم سے ہاکی کے تمام ملکی اور انٹرنیشنل معاملات چلانے کو مدد ملے گی۔شہناز شیخ نے تجویز دی ہے کہ پی ایچ ایف میں کرپشن، اقرباء پروری کے خاتمے کے لئے آئین میں تبدیلی کی جائے اور قومی ٹیم کے پلیئنگ سٹرکچر میں نئی اصلاحات متعارف کروائی جائیں۔ذرائع کے مطابق پرائم منسٹر ہاوس نے اس خط کا مثبت جواب دیتے ہوئے شہناز شیخ کی عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کروائی ہے۔