ایم ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر انجینئرنگ، ایکسیئن روپوش، 6 ملزموں کا ریمانڈ
ملتان (نمائندہ خصوصی+ صباح نیوز) ملتان میٹرو بس پروجیکٹ میں چیف انجینئر صابر خان سدوزئی سمیت 6 دیگر انجینئرز کی گرفتاری کے بعد ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفس کا ماحول انتہائی افسردہ رہا۔ اچانک گرفتاریوں کی وجہ سے ایم ڈی اے کے سرکاری امور بھی تعطل کا شکار رہے جبکہ ایم ڈی اے کے کچھ اہل کار گزشتہ روز احتساب عدالت میں موجود رہے جو اپنے افسران کو پل پل کی رپورٹ دیتے رہے۔ دوسری جانب ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں پروجیکٹ ڈائریکٹر ملتان میٹرو بس پروجیکٹ کی عدم گرفتاری بھی زیر بحث رہی۔ بتایا گیا ہے انجینئرنگ ونگ کے افسران کی گرفتاری نے لینڈ ایکوزیشن برانچ کے اہل کاروں کا مورال ڈاؤن رہا۔ ایل اے سی برانچ کے اہل کار قبل از وقت ہی دفاتر کو تالے لگا کر گھروں کو چلے گئے۔ معلوم ہوا ہے نیب ملتان نے سابق ڈائریکٹر انجینئرنگ شاہد نجم اور ایکسین خالد پرویز کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں لیکن رات گئے تک نیب کو کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ بتایا گیا ہے نیب کی اچانک کارروائی کے بعد سابق ڈائریکٹر انجینئرنگ اور ایکسیئن روپوش ہو گئے ہیں۔ صباح نیوز کے مطابق ملتان میٹرو بس کرپشن کیس میں گرفتار 6 ملزمان کو نیب عدالت پیش کر دیا گیا۔