• news

پیشہ وارانہ تربیت مسلسل عمل ، تعلق مریضوں کے بہتر علاج سے ہے،پروفیسرطیب

لاہور(نیوزرپورٹر) سپیشلسٹ سرجن ڈاکٹر کے لئے لاہور جنرل ہسپتال میں پانچ روزہ تربیتی کورس کا آغاز ہو گیا۔ جس میں سعودیہ،آئرلینڈ کے علاوہ ملک بھر سے ایف سی پی ایس اور ایم ایس پارٹII کے ڈاکٹرز شریک ہیں جنہیں پاکستان کے مختلف میڈیکل کالجوں سے تعلق رکھنے والے شعبہ سرجری کے سینئر اور مایہ ناز اساتذہ اپنے اپنے تجربات سے آگاہ کریں گے۔ اس کورس کا اہتمام پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر فاروق افضل اور ان کی ٹیم نے کیا ہے ۔پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و ایل جی ایچ پروفیسر طیب نے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں کی پیشہ وارانہ تربیت ایک مسلسل عمل ہے جس کا تعلق اُن کے اپنے کیئر یر اور مریضوں کے بہتر علاج معالجے سے ہے۔ اس موقع پر پرنسل سروسز میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر افسر بھٹی، پروفیسر سکندر حیات گوندل، ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین، ڈاکٹر عمران کھوکھر سمیت ڈاکٹروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے پروفیسر طیب نے جنرل ہسپتال کے شعبہ سرجری کے معیار کو سراہا اور کہا کہ ایف سی پی ایس اور ایم ایس کے ڈاکٹروں کیلئے ایسے تربیتی کورسز خوش آئند ہیں جن میں ڈاکٹر کمیونٹی کو بڑھ چڑھ کرحصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے کورسز منعقد ہوتے رہیں گے جن کے ذریعے ڈاکٹرز ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے علاوہ اپنے نصاب کو اپنے پروفیشن کی اپ لفٹ کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔ اس 5روزہ کورس کے چیف آرگنائزر پروفیسر فاروق افضل نے بتایا کہ ملک بھر سے ڈاکٹر اس کورس کے لئے آئے ہیں جنہیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف یوروسائنسز کے ایڈیٹورم میں سرجری کے حوالے سے جدید سلیبس پڑھنے کو ملے گا اور انہیں مختلف تکنیکی معاملات پر پریزنٹیشن بھی دی جائے گی۔ ڈاکٹر عمران کھوکھر، ڈاکٹر اویس امجد ملک اور ڈاکٹر ابرارزاہد نے بھی اس کورس کے حوالے سے اظہار خیال کیا جب کہ شرکا کو سرجری کے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیئے گئے جن میں انہوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سوال وجواب کے سیشن بھی ہوئے جب کہ پرنسپل پروفیسر طیب کا ڈاکٹر سے فرداً فرداً تعارف بھی کروایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن