• news

عوام مقامی حکومتوں کے ذریعے بااختیار ہو سکتے ہیں : عمران خان

اسلام آباد+ کراچی (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت لوکل گورنمنٹ سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے خطاب میں کہاکہ کسی بھی حکومت کی بہترین شکل یہ ہے کہ عوام بااختیار ہوں۔ تحریک انصاف اقتدار کی عوام تک حقیقی منتقلی پر یقین رکھتی ہے، عوام لوکل گورنمنٹ کے استحکام کی صورت میں یہ بااختیار ہو سکتے ہیں۔ خیبر پی کے کے تجربے کے مطابق لوکل گورنمنٹ کو فعال بنائیں گے۔ لوکل گورنمنٹ کو تمام اختیارات دیکرعوام کو مضبوط کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں عمران خان (آج ) اتوار کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے جہاں وہ مزار قائد پر حاضری سمیت امن و امان سمیت وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں سے متعلق اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے، وزیر اعظم گورنر ہاﺅس کی بجائے سٹیٹ گیسٹ ہاﺅس میں ٹھہریں گے ،گیسٹ ہاﺅس میں پودا لگانے کے علاوہ تاجروں، نمایاں شخصیات اور صحافیوں کے وفود سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاق کے تعاون سے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس بھی ہو گا جس میں گرین لائن بس، فراہمی آب کے منصوبے کے فور اور کراچی پیکیج پر بریفنگ دی جائے گی۔وزیر اعظم کے دورہ کراچی میں ان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس بھی ہو گا جس میں گورنر اور وزیر اعلی سندھ سمیت کورکمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ شرکت کریں گے۔ اتوار کی رات وزیر اعظم گورنر ہاﺅس میں فنڈ ریزنگ عشائیے میں شرکت کریں گے۔وزیراعظم عمران خان سے لاہور چیمبرآف کامرس کے وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کی جانب سے ڈیم فنڈ کیلئے 10لاکھ روپے کا عطیہ کا چیک وزیراعظم کو دیا گیا۔

وزیراعظم

ای پیپر-دی نیشن