• news

بیگم کلثوم کے قل آج‘ خاندان کے افراد شریک ہونگے‘ فیصلہ عوام کو زحمت سے بچانے کیلئے کیا گیا

لاہور (خبرنگار) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بیگم کلثوم نواز کی تدفین میں شرکت کیلئے آنے والے قائدین اور ہزاروں افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی دعاو¿ں نے دکھ کی اس گھڑی میں پورے خاندان کی ڈھارس بندھائی۔ قوم کا پیار اور غمگساری زندگی کا اہم سرمایہ ہے۔ قائد مسلم لیگ (ن) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سمیت پورا شریف خاندان جنازے میں شرکت کرنے والے اور اپنی دعاو¿ں اور تعزیت سے شریک ہونے والے تمام اندرون وبیرون ملک پاکستانیوں، ہمدردوں اور غمگساروں کا تہہ دل سے شکرگزار ہے۔ انکی محبتوں کی ہمارے دل میں بے حد قدر ہے اور ہمارے دل احساس تشکر سے بھرے ہوئے ہیں۔غیرملکی رہنماو¿ں، محترم سفراءکرام، حکومتی اور دیگر شخصیات کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے تعزیتی پیغامات اور بالمشافہ اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے کہاکہ سفرکی کلفتوں اور انتہائی دقت کے باوجود ہزاروں افراد کا افسوس کیلئے پہنچنے سے ہمیں حوصلہ ملا اور بڑی بہن کلثوم نواز کے انتقال کی تکلیف میں جس طرح سب نے ڈھارس بندھائی وہ انمول ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ سفر کی دقتوں اور موسم کے پیش نظر درخواست ہے کہ بیگم کلثوم صاحبہ کے ایصال ثواب کے لئے آج رسم قل میں خاندان کے افراد ہی شریک ہوں گے تاکہ دیگر افراد کو زحمت اور مشکل سے بچایاجاسکے۔ ہماری درخواست ہے کہ آپ سب مرحومہ بیگم کلثوم نواز کیلئے اپنے علاقوں اور مقامی سطح پر ہی دعاو¿ں اور قرآن خوانی کا اہتمام کرکے جزائے خیر میں حصہ ڈالیں۔ ختم قل میں صرف شریف فیملی کی شرکت عوام، ہمدردوں، غمگساروں، پرخلوص دعاو¿ں اورمحبت سے ہماری قوت بننے والے دوستوں کو زحمت اور پریشانی سے بچانے کیلئے ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی والدہ بیگم شمیم اختر کے ساتھ اہلیہ کلثوم نواز کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ نوازشریف نے اہلیہ کی قبر پر پھول بھی چڑھائے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل، البراق گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین احمد الراق، قطری شہزادوں التسابی بن حامد، سلیم محمد الجیبی، مانا حسن رشید خلیفہ تہمانی حماد الیشیانی، از اسلم المری نے جاتی امرا میں نوازشریف سے ملاقات کرکے کلثوم نواز کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آف زرداری آج جاتی امرا میں نوازشریف سے ان کی مرحومہ اہلیہ کلثوم نوازشریف کے انتقال پر تعزیت کریں گے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔
کلثوم نواز قل

ای پیپر-دی نیشن