قرضوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے مشکل فیصلوں سے گریز نہ کیا جائے: اشرف بھٹی
لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ قرضوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے مشکل فیصلوں سے بھی گریز نہ کیا جائے ، غیر ضروری اخراجات میں کٹوتی اور کھربوں روپے مالیت کی بیکار پڑی سرکاری اراضی کو مارکیٹ ویلیو کے مطابق نجی شعبے کو لیز یا سالانہ بنیادوں پر کرائے پر دے کر اس سے حاصل ہونے والی رقم کو قرضے اتارنے کیلئے مختص کیا جائے ۔ اپنے ایک بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ قرضوں کی مد میں روزانہ 6ارب روپے سود کی ادائیگی انتہائی تشویشناک ہے اور پاکستان جیسا غریب ملک اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلے روز سے مطالبہ ہے کہ حکومت سب سے پہلے بیرونی قرضوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کی پالیسی بنائے اور اس کیلئے مشکل فیصلوں سے بھی گریز نہیں کیا جا نا چاہیے ۔