ایشین ٹور کا پہلا گالف ایونٹ 11اکتوبر سے کراچی میں کھیلا جا ئیگا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ایشین گالف کے سہ رکنی وفد نے11برس کے تعطل کے بعد پاکستان میں ہونے والے ایشین گالف ٹور کے انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہارکردیا، ایشین ٹور کا پہلا گالف ایونٹ11سے 14اکتوبرتک کراچی گالف کلب میں کھیلا جائے گا، قومی گالف فیڈریشن کی کاوشوں کے نتیجے میں2007 کے بعد ملنے والی چیمپئن شپ میں 3 لاکھ ڈالرز کی خطیر انعامی رقم رکھی گئی ہے۔چیمپئن شپ میں ایشیا کے بہترین گالفرز اور قومی کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے، معروف قومی گالفر اشفاق احمد اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے، ایشین ٹور کے ایک سہ رکنی وفد نے پاکستان پہنچ کر ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، متعلقہ ذمہ داران کی جانب سے وفد کو ایونٹ میں شرکت کے لیے آنے والے کھلاڑیوں خاص طور غیر ملکی گالفرز کی سیکیورٹی کے حوالے سے مفصل بریفننگ دی گئی۔