بھارت کی ایشیاکپ میں من مانی ، پاکستان کے سپر4 کے میچز ابوظہبی میں طے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے سپر 4 مرحلے میں پاکستان کے میچز ابوظہبی میں طے کردیئے۔ٹورنامنٹ کے لیے گروپ ’’اے‘‘ میں پاکستان، بھارت اور کوالیفائر ہانگ کانگ کو رکھا گیا ہے،گروپ ’’بی‘‘ میں بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں، دونوں گروپس میں سے سرفہرست 2،2ٹیموں کو سپر فور مرحلے میں جگہ ملے گی جہاں ہر ٹیم کو دیگر 3سے ایک ایک بار مقابل ہونا ہے۔ٹاپ 2سائیڈز فائنل کھیلیں گی، سپر 4 مرحلے میں کس ٹیم کو پہلے کس کے ساتھ اور کہاں کھیلنا ہے اس کا فیصلہ گروپ سٹیج کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی بنیاد پر ہوگا۔ سپر 4 مرحلے میں 21، 23اور 26ستمبر کو بیک وقت 2،2میچز کھیلے جائیں گے، ایک مقابلہ دبئی تو دوسرا ابوظہبی میں جاری رہے گا۔ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے سپر 4 مرحلے میں پاکستان کے تمام میچ ابوظہبی میں کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے، پوائنٹس پوزیشن کچھ بھی ہو، گرین شرٹس کو اسی وینیو پر کھیلنا پڑے گا۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی معاملات کی وجہ سے ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کروانے والے بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ بطور میزبان انہیں میچز کے وینیوز کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے۔