تین ملکی ڈیف کرکٹ سیریز ‘ پاکستان ٹیم تیسرا میچ آج بھارت کیخلاف کھیلے گی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ڈھاکہ میں جاری تین ملکی ڈیف سیریز میں پاکستان ٹیم اپنا تیسرا میچ آج روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گی۔ سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں پاکستان ڈیف ٹیم نے میزبان بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیموں کو شکست دے رکھی ہے۔ تین ملکی ڈیف سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان ٹیم نے بنگلہ دیش ڈیف ٹیم کو 38 رنز سے شکست دی تھی جبکہ روایتی حریف بھارت کو 101 رنز کے وسیع مارجن سے ہرایا تھا۔ پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلمان ظہیر نے ڈھاکہ سے پیغام میں بتایا کہ پاکستان ٹیم نے سہ فریقی سیریز کی اچھی تیاری کر کے آئی ہے پرامید ہیں کہ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت کر ملک و قوم کو خوشیاں فراہم کرینگے۔ ہماری ٹیم کے تمام کھلاڑی فوکس ہیں کہ وہ ڈھاکہ میں پاکستانی پرچم کو سربلند کریں۔ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ عمر فیاض کا پانے پیغام میں کہنا تھا کہ ابتدائی دو میچوں میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی ہے، بھارت کے خلاف سیریز کے تیسرے میچ میں بھی کامیابی کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کے تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور جیت کے لیے پرعزم ہیں۔