• news

کینیا کے اتھلیٹ الیوڈ کپچوج نے میراتھن میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک )کینیا کے اتھلیٹ الیوڈ کپچوج نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں منعقدہ میراتھن میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ برلن میں منعقدہ میراتھن میں انھوں نے 42.195 کلومیٹر کا مقررہ فاصلہ دو گھنٹے ایک منٹ اور 38 سیکنڈز میں طے کیا۔اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والے اس اتھلیٹ نے اپنے ہم وطن ڈینس کمیٹو کا ریکارڈ توڑا ہے جو انھوں نے چار سال قبل بنایا تھا۔33 سالہ الیوڈ کپچوج نے سابقہ ریکارڈ کے مقابلے میں ایک منٹ اور 18 سیکنڈز کی برتری حاصل کی۔ کپچوج کا کہنا تھا کہ وہ صرف ’شکریہ‘ ادا کرنا چاہتے ہیں۔میں شروع سے اپنی ریس کی تیاری کر رہا تھا اور حیران نہیں ہوا کہ میں تنہا ہی تھا۔ میں نے اس ریس کی بہت عمدہ تیاری کی تھی اور مجھے اپنے کوچ کے پروگرامز پر مکمل بھروسہ تھا۔میں بہت زیادہ خوش ہوں کہ میں نے بالآخر عالمی ریکارڈ بنایا ہے اور خود پر ہمیشہ بھروسہ کیا ہے۔الیوڈ کپچوج کا شمار دور حاضر کے بہترین ایتھلیٹس میں ہوتا ہے۔ انھوں نے 2013 میں ہیمبرگ میں میراتھن ریسنگ کا آغاز کیا تھا اور اب وہ میراتھن ریسنگ میں ایک اہم نام ہیں۔اس سے قبل وہ ٹریک ریسنگ میں 2008 اور 2004 کے اولمپکس مقابلوں میں کانسی اور چاندی کے تمغے جیت چکے تھے۔ 2003 اور 2007 کے عالمی مقابلوں میں انھوں نے طلائی اور چاندی کا تمغہ بھی جیتا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن