لینڈ مینجمنٹ اور ریونیو ریکوری پر خصوصی توجہ دی جائے: طارق نجمی
چنیوٹ(نامہ نگار)لینڈ مینجمنٹ اور ریونیو ریکوری پر خصوصی توجہ دیں ،تمام ریونیو افسر کو اس ضمن میں پیشہ وارانہ امور پر مکمل عبور حاصل ہونا چاہیے جس کے لیے متعلقہ قوانین سے مکمل آگاہی بہت ضروری ہے ،ان خیالات کا اظہار سینئر ممبر آف بورڈ آف ریونیو طارق نجیب نجمی نے ڈپٹی کمشنر آفس چنیوٹ میں ریونیو افسران سے میٹنگ میں کیا ، میٹنگ میں کمشنر فیصل آباد ڈویژن آصف اقبال ، ڈپٹی کمشنر چنیوٹ محمد خضر افضال چوہدری ، ایڈیشنل کمشنر رائے واجد، اے ڈی سی جنرل اعتزاز اسلم مارتھ ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز و انچارج لینڈ ریکارڈ سنٹرز بھی موجود تھے ، سینئر ممبر آف بورڈ آف ریونیو طارق نجیب نجمی نے کہا کہ ہمارے معاشی نظام میں زمینوں کی جائیدادوں کا بڑا عمل دخل ہے ، معاشرے کے زیادہ تر افراد کا تعلق زرعی و سکنی زمینوں سے ہے جو اپنے مسائل کے حل کیلئے ریونیو افسران سے ربطہ کرتے ہیں ،لہٰذا ریونیو افسران اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی احساس کریں تاکہ محکمانہ سروسز کے معیار میں مزید اضافہ ہو ،لوگوں کا آپ پر اعتماد بڑھنا چاہیے انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو کا کام کوئی مشکل کام نہیں بس اسے قانون کے مطابق کریں۔