پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے ذیابیطس کیساتھ لڑائی جیت کر تاریخ رقم کردی
لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستانی نڑاد برطانوی باکسر نے ذیابطیس کیساتھ لڑائی جیت کر تاریخ رقم کردی،باکسرمحمد علی نے آندریج سیپر کو مانچسٹر میں ہونے والے مقابلے میں شکست دی، پاکستانی نڑاد برطانوی باکسر کے آبائواجداد کا تعلق لیہ سے ہے۔ مانچسٹر میں ایک پروفیشنل فائٹ کے دوران محمد علی نے آندریج سیپر کو 40-36پوائنٹس پر چار رائونڈ کے بعد مانچسٹر کے وکٹوریہ وئیر ہائوس میں پیکڈ ہائوس مداحوں کے سامنے شکست دی۔محمد علی ٹائپ ون ذیابطیس کے ساتھ پہلے برطانوی باکسر بننے کے بعد تاریخ رقم کرچکے ہیں اور انہیں برطانوی باکسنگ بورڈ آف کونسل کی جانب سے پروفیشنل لائسنس جاری کیاگیا ہے۔2015 میں یہ کہاگیا تھا کہ باکسر جسے ٹائپ ون ذیابطیس ہو وہ لائسنس لینے کا اہل نہیں ہے۔لیکن علی نے میدان میں اترنے کی کوشش کیلئے اگلے تین سالوں کیلئے سخت محنت کی اور اس میں ان کے منیجر اسد شمیم اور ان کے ڈاکٹر نے مدد کی اور بالآخر مئی 2018 میں بورڈ نے انہیں ایک اجلاس کے دوران لائسنس دیدیا۔