سابقہ حکومتوں نے اصل ثقافت کو زندہ درگور کیا : میاں سہیل
لاہور (کلچرل رپورٹر) تحریک انصاف کلچرل ونگ پنجاب کے صدر میاں سہیل اسماعیل نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے ہماری دھرتی کی اصل ثقافت، روایات اور علاقائی زبانوں کے فروغ و ترویج کیلئے نہ ہونے کے برابر کام کیا اور اصل ثقافت کو زندہ درگور کر دیا گیا۔ ادیب شاعر، فنکار معاشی زبوں حالی کا شکار ہیں۔ فلم انڈسٹری تقریباً تباہ ہو چکی ہے۔ سٹوڈیوز ویران ہیں۔ سینکڑوں فنکار ٹیکنیشنز بیروزگار ہیں۔ آرٹ اور کلچر سنٹرز کی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔ محفوظ بسنت کے تہوار کو منظم کرنے کی بجائے ہمیشہ کیلئے رخصت کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری شاہد اسال، نعیم خان، روبینہ افتخار، فائٹر، ورک اور دیگر عہدیدار بیٹھے ہیں۔ میاں سہیل اسماعیل نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کلچرل ونگ کو منظم اور فعال کرنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم اپنی پاک دھرتی کی ثقافت و روایات کو نظر اندازہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے۔ کلچرل ونگ کی تنظیم ثقافت کے محاذ پر ایک بہتر لائحہ عمل و پروگرام کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت آ چکی ہے۔ ہم فنکاروں، ادیبوں کے محافظ اور دوست ہونے کے ناطے خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر گورنر پنجاب چودھری سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان سے مل کر فنکار دوست پالیسی بنوائیں گے۔